Live Updates

سردار عتیق کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقیاب کرنے کا مطالبہ

افواج پاکستان کی حالیہ کامیابیوں نے مسئلہ کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے،پاکستانی جواب سے ہندوستان کا غرور اسرائیل، فرانس اور روس کی ٹیکنالوجی کو ایک ساتھ شکست ہوئی ہے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 15 مئی 2025 22:58

مظفرآباد/دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقیاب کیا جائے۔ مسلح افواج پاکستان نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ساری حکومت پاکستان خراج تحسین کی مستحق ہے۔

پاکستانی فوج اب دنیا کی طاقت ور ترین افواج میں شمار ہونے لگی ہے۔ ساری قوم مسلح افواج پاکستان کے ساتھ ہمقدم ہے۔ جنگ کا خطرہ ٹلا ہے ختم نہیں ہوا۔ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے ان خیالات کا اظہار آج دھیرکوٹ میں مسلم کانفرنس کے زیراہتمام آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مسلح افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے مسلح افواج پاکستان زندہ باد پروگرام سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے سینے پر اب دیر تک مونگ دلے جاتے رہیں گے۔ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی آخری وصیت ہے کہ پاکستان اور فوج کے ساتھ غیر مشروط طور پر کھڑا رہا جائے۔ صدر مسلم کانفرنس نے مزید کہا کہ حالیہ کامیابیوں نے مسئلہ کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ساری حکومت پاکستان خراج تحسین کی مستحق ہے۔

صدرمسلم کانفرنس نے مزید کہا کہ پاکستان ائیر فورس نے ایک حملے میں کئی شکار کئے ہیں پاکستان کے فوجی حملے میں ہندوستان کا غرور اسرائیل، فرانس اور روس کی ٹیکنالوجی کو ایک ساتھ شکست ہوئی ہے۔پاکستان کی فوجی کامیابی کی طرح مسئلہ کشمیر کے حل بھی کسی وقت قریب آجائے گا۔ پاکستان کے میڈیا، سوشل میڈیا،سفارت کار اور سول سوسائٹی یکساں طور پر خراج تحسین کی مستحق ہے۔

حکومت آزادکشمیر سرحدی علاقوں میں سول ڈیفنس ٹریننگ اور سکولوں کالجوں میں NCCٹریننگ کا اہتمام کرے۔انھوں نے کہا کہ ہم مسلح افواج پاکستان کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری کشمیری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس پروگرام سے مسلم کانفرنس کے سینئر نائب صدر سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ، چیف آرگنائزر راجہ ثاقب مجید، میجر سردار نصراللہ خان، چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان، سید اظہر علی شاہ، میڈم شمیم علی ملک، میڈم سمعیہ ساجد، راجہ وقار احمد خان، سید تصور عباسی موسوی، میمونہ کیانی ایڈووکیٹ، سردار عرفان عباسی، شوکت افضل عباسی، ملک امان، راجہ تبارک علی خان، عمر حیات عباسی، راجہ خورشید حمید، راجہ افتخار افضل، راجہ یاسین لقمان، سردار ظریف عباسی، سردار ارشاد خان،راجہ مقبول خان، راجہ خورشید خان، راجہ شہباز خان، میڈم نسرین اختر، منشی زاہد عباسی،سردار لعل عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض راجہ محمد منیر خان نے سرانجام دیے۔صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان کو مجاہد اول ہائوس غازی آباد سے ایک بڑے جلسوس کی شکل میں جلسہ گاہ لیاگیا اور صدرمسلم کانفرنس جلسہ گاہ آمد پر فقید المثال استقبال کیاگیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات