Live Updates

جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا سیز فائر ناپائیدار رہے گا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد

جمعرات 15 مئی 2025 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)سابق چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا سیز فائر ناپائیدار رہے گا۔غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیز فائر ایک جراتمندانہ فیصلہ تھا، یہ آسان فیصلہ نہیں تھا، دونوں جانب کی سیاسی قیادت نے عالمی دباؤ میں سیز فائر قبول کیا، یہ مختصر لیکن وسیع پیمانے پر پھیلا ہوا فوجی تصادم تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا کہ 3 ہزار کلومیٹر کی حدود میں میزائل اور گولا باری ہوئی، گلگت بلتستان سمیت ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سیز فائر کے 24 سے 36 گھنٹوں میں دونوں افواج نے مؤثر جنگ بندی نافذ کی۔انہوں نے کہا کہ 78 سال میں کئی سیز فائر ہوئے لیکن مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے سے پائیدار امن نہ ہو سکا، اقوام متحدہ نے 1948ء میں کشمیر کو بین الاقوامی تنازع تسلیم کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارت نے غلط دعویٰ کیا کہ اس نے دہشت گرد کیمپس کو نشانہ بنایا، بھارت نے اصل میں مساجد اور عام شہریوں کے گھر تباہ کیے، بھارت کی بمباری سے معصوم بچوں کے ساتھ خواتین بھی شہید ہوئیں۔سابق چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی مذمت کی اور ثبوت کی صورت میں تعاون کا کہا، بھارت نے ابھی تک ثبوت نہ پاکستان کو، نہ کسی بین الاقوامی ادارے کو دیے۔ بھارت نے پٹھان کوٹ، اڑی، ممبئی حملوں پر بھی بہانے کیے اور شفاف تحقیقات نہیں کیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات