Live Updates

ہماری مسلح افواج نے مودی کا غرور خاک میں ملا دیا،مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 15 مئی 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ بھارت نے ہماری سلامتی کو چیلنج کیا تھا، ہماری مسلح افواج نے مودی کا غرور خاک میں ملا دیا،مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، بھارت کو عسکری،سیاسی اور سفارتی ہر محاذ پر شکست فاش ہوئی ہے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے رانا قاسم نون نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں ہماری فتح ہوئی ہے، بھارت نے ہماری سلامتی کو چیلنج کیا تھا۔

رانا قاسم نون نے کہا کہ بی جے پی کا اصل چہرہ آر ایس ایس ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے مودی کا غرور خاک میں ملا دیا،پاکستان نے پہلگام واقعے پر تحقیقات کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

رانا قاسم نون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں،بھارت نے یکطرفہ سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرکے پاکستان پر آبی دہشت گردی مسلط کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کبھی علاقائی یا دوطرفہ نہیں تھا، سیز فائر پر عالمی برادری اور صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔قاسم نون نے کہا کہ کے پی اور بلوچستان میں بھارت دہشت گردی کرا رہا ہے،بھارت خطے میں امن نہیں چاہتا۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ 1962ء کے بعد ہندوستان کو سب سے بڑی سیاسی، سفارتی اور ملٹری شکست ہوئی ہے،مسلح افواج اور قوم کو بہت مبارک ہو۔انہوں نے کہا کہ بھارت بطور ریاست دہشت گردی کررہا ہے،یہ ثابت ہوا کہ بھارت کے نیوکلئیر ہتھیار فاشسٹ قیادت کے ہاتھ میں ہیں ،پاکستان سے جنگ کرنا بھارت کے بس کی بات نہیں ۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ 1971ء کے بعد بھارت کو بڑا قرض سود سمیت واپس کیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کشمیر پر ثالثی کا کہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات