Live Updates

بھارت نے چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیک دیئے اور جنگ بندی کیلئے منتیں کیں ،اراکین سینیٹ کا بحث میں اظہار خیال

جمعرات 15 مئی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) اراکین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو یہ بتا دیا کہ امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، آپریشن بنیان مرصوص کی گونج پوری دنیا نے سنی، بھارت نے چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیک دیئے اور جنگ بندی کیلئے منتیں کیں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی قابل تحسین ہے۔

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت اور اس پر پاکستان کے ردعمل کے حوالہ سے بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ بھارت کے خلاف فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ پاکستان کے عزم کا ثبوت ہے، مشکل حالات سے سبق سیکھ کر ملکی ترقی کیلئے آگے بڑھنا چاہئے۔

(جاری ہے)

سینیٹر روبینہ سعادت قائم خانی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو یہ بتا دیا کہ امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، آپریشن بنیان مرصوص کی گونج پوری دنیا نے سنی، بھارت نے چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیک دیئے اور جنگ بندی کیلئے منتیں کیں۔

سینیٹر عامر ولید الدین چشتی نے کہا کہ پاکستان کی افواج بہترین ہیں، بھارت سمیت کوئی بھی ملک ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ سینیٹر سیف اﷲ ابڑو نے کہا کہ ہمیں قومی امور پر اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے، ملکی سلامتی کیلئے پیچھے نہیں ہٹیں گے، بھارتی میڈیا جھوٹ بول رہا ہے۔ سینیٹر ڈاکٹر افنان اﷲ نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے بھارتی طیارے مار گرائے، افواج پاکستان نے بھارت کی متعدد فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

سینیٹر مسرور احسن نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی قابل تحسین ہے، بلاول بھٹو زرداری نے عالمی میڈیا پر پاکستان کا موقف بہترین انداز میں پیش کیا۔ سینیٹر ذیشان خانزادہ، سینیٹر شہادت اعوان، سینیٹر سردار محمد عمر اور سینیٹر ندیم بھٹو نے بھی بحث میں حصہ لیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات