Live Updates

شہید میجر ذکا ء کے اہل خانہ کا یوم تشکر پر جذباتی پیغام

جمعہ 16 مئی 2025 21:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء) یوم تشکر کے موقع پر، 2012 میں سیاچن کے گیاری سیکٹر میں دفاع وطن کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر ذکاء شہید کے اہل خانہ نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ شہید کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے نے گیاری میں شہادت پائی اور آج افواج پاکستان کی بھارت کے خلاف عظیم فتح پر وہ بے حد خوش ہیں۔

انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگی جہاز تو خرید سکتے ہیں لیکن پاکستانی مسلح افواج کے جذبے جیسا جذبہ کہیں سے نہیں لا سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوان جذبہ شہادت سے سرشار ہیں۔ اپنے شہید بیٹے کی تصویر سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے ان کی شہادت کا بدلہ بھارت سے لے لیا ہے۔

میجر ذکا شہید کی والدہ نے اس فتح کی خبر سن کر سجدہ شکر ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ دشمن کی شکست کے لیے دعائیں کی تھیں۔ شہید کے بھائی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جس طرح بھارتی دفاع کو ناکارہ بنایا وہ ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ انہوں نے بھارت کو پیغام دیا کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔ اہل خانہ نے متفقہ طور پر کہا کہ وطن عزیز کی مضبوط بنیادوں میں ان کے شہداء کا خون شامل ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات