Live Updates

ایوان وزیراعلیٰ میں یوم تشکرکی تقریب، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پرچم کشائی کی

جمعہ 16 مئی 2025 22:28

ایوان وزیراعلیٰ میں یوم تشکرکی تقریب، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پرچم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء) یوم ِتشکر کے سلسلے میں ایوان وزیر اعلیٰ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی وزراء کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پرچم کشائی کی اور قوم کو فتح کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ معرکہ مرصوص نڈر لیڈرشپ، دلیر افواج پاکستان اور متحد قوم کے غیر متزلزل اتحاد کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کرام کے لیے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعائیں کی گئیں اور بھارتی جارحیت کی وجہ سے زخمی ہونے والے شہریوں، افسروں اور جوانوں کی صحت یابی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پرچم کو سلامی پیش کی اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ یوم تشکر کی اس تقریب میں وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور صوبائی سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں یوم تشکر کی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات