Live Updates

پاکستانی وزیراعظم کا بھارت سے کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرنے پر "بھائی" شیخ محمد بن زاید کا شکریہ

اتوار 18 مئی 2025 01:02

پاکستانی وزیراعظم کا بھارت سے کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرنے پر ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی 2025ء)وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں متحدہ عرب امارات کے اہم سفارتی کردار پر یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

شیخ محمد بن زاید نے جنگ بندی کی مفاہمت کو خوش آئند قرار دیا اور پاکستان کی امن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کی حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور اسی جذبے کے تحت بھارت کے ساتھ جنگ بندی کی مفاہمت پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سندھ طاس معاہدے کی حرمت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں شیخ محمد بن زاید کو "پیارا بھائی" قرار دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات ان شاء اللہ مزید مضبوط ہوں گے اور باہمی اقتصادی تعاون میں بھی ترقی حاصل کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات