Live Updates

تنازعہ کشمیر کی وجہ سے ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے،رپورٹ برطانوی پارلیمنٹ

پہلگام واقعے سے لے کر 10مئی کو ہونے والی جنگ بندی تک حالیہ بحران کا جائزہ لیاگیا

اتوار 18 مئی 2025 13:05

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے رواں ہفتے جاری کی گئی 42صفحات پر مشتمل ایک تحقیقی رپورٹ میں خبردارکیاگیا ہے کہ تنازعہ کشمیرکی وجہ سے جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کررکھاہے۔ رپورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلگام واقعے سے لے کر 10مئی کو ہونے والی جنگ بندی تک حالیہ بحران کا جائزہ لیاگیاہے۔

رپورٹ میں 6اور7مئی کی درمیانی رات کو بھارت کے فضائی اور میزائل حملوں کو کشیدگی کے بنیادی محرک قرار دیاگیا ہے جس دوران دونوں فریقوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق نئی دہلی نے بغیر ثبوت پیش کیے پہلگام واقعے کے لیے اسلام آباد کو مورد الزام ٹھہرایا اور سرحد پار سے حملے کیے جن میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں شہری علاقوں اور پاکستان کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایاگیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا ۔ پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مستقبل میں ہونے والی کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دینے کا عزم ظاہر کیا۔کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب بھارت نے دو طرفہ تجارت معطل کر دی، زمینی سرحدیں سیل کر دیں اور سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کرنے کی دھمکی دی۔ پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 1971کے شملہ معاہدے کو منسوخ کرنے کا اشارہ دیا۔

پارلیمانی محققین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی قانون کی حدود میں تحمل کا مظاہرہ کیا جبکہ بھارت نے علاقائی عدم استحکام کو بڑھاتے ہوئے طاقت، دھمکیوں اور الزامات کا سہارا لیا۔ رپورٹ میں کشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کرنے اور امریکہ، برطانیہ اور دیگر طاقتوں کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کو مسترد کرنے پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ میں ابتدائی طور پر سست ردعمل پر واشنگٹن اور لندن کو بھی قصوروار ٹھہراتے ہوئے کہاگیا کہ امریکہ کی پس پردہ ڈپلومیسی نے بالآخر 10مئی کی جنگ بندی میں مدد کی لیکن بھارت کو مستقبل کے مذاکرات میں بیرونی کردار کو تسلیم کرنے پر آمادہ نہیں کیاگیا۔ رپورٹ میں بین الاقوامی برادری پر زور دیاگیاکہ وہ مزید تصادم کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے اور خبردار کیا گیا کہ اس طرح کا تصادم دوبارہ ہونے کے تباہ کن نتائج ہونگے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات