Live Updates

شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

پیر 19 مئی 2025 14:32

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں ’’ماحولیاتی خطرات، وسائل کے موثر استعمال اور پائیدار کاروباری طریقوں کے لیے ایک کثیر جہتی نقطہ نظر‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ 2روزہ کانفرنس میں بین الاقوامی اور قومی سطح کے سکالرز نے اپنے تحقیقی مقالات پیش کیے۔ آن لائن اور آف لائن فارمیٹ میں منعقدہ اس بین الاقوامی کانفرنس میں پائیداری سے متعلق عالمی چیلنجز، خاص طور پر موسمیاتی خطرات سے دوچار خطوں جیسے پاکستان کے لیے، حل تلاش کرنے کی غرض سے معروف علمی، پالیسی ساز، ترقیاتی ماہرین اور محققین شریک ہوئے۔

کانفرنس میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر اظماوانی عبد الرحمان (صدر، پترا بزنس سکول، ملائیشیا)، پروفیسر کرسٹوفر گین (لنکن یونیورسٹی، نیوزی لینڈ)، ڈاکٹر اوان ڈیزرینی (گرفتھ بزنس اسکول، آسٹریلیا)، ڈین ڈاؤ گارڈ (یونیورسٹی آف تسمانیا، آسٹریلیا)، پروفیسر ڈاکٹر ورجینیا بودولیکا (امریکن یونیورسٹی آف شارجہ)، ڈاکٹر خانے (ہیری) ہوانگ (لنکن یونیورسٹی، نیوزی لینڈ)، ڈاکٹر سونیا چاولا (ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، جالندھر، بھارت) شامل تھے جبکہ پاکستانی مقررین میں سید سلمان شاہ، ڈائریکٹر جنرل، سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ڈاکٹر جمیل خلجی، ایڈیشنل ڈائریکٹر، سٹیٹ بینک آف پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد قریشی، زیبسٹ، کراچی، معروف صحافی اور تجزیہ نگار مظہر عباس پروفیسر ڈاکٹر زاہد خان، ڈین، بحریہ یونیورسٹی، اسلام آباد کیمپس شامل تھے جنہوں نے پالیسی، معیشت، تعلیم اور ترقی کے حوالے سے اہم اور مقامی نقطہ نظر پیش کیے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کہا کہ یہ کانفرنس ہمارے اس عزم کا اظہار ہے کہ پائیدار ترقی صرف ایک پالیسی کا مقصد نہیں بلکہ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہم حقیقی موسمیاتی مسائل کے حل کے لیے علمی کوششوں کی قیادت کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ پروگرام کے کنوینئرپروفیسر ڈاکٹر سلمان بشیر میمن، ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ سوشل سائنسز نے کہا کہ اس بین الاقوامی کانفرنس کے ذریعے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جہاں کاروبار، تعلیم، پالیسی اور ماحولیاتی پائیداری سے متعلق اہم خیالات کو فروغ دیا جا سکے۔

ایسی کوششیں ہماری تحقیقی اور ادارہ جاتی ترجیحات کو مزید تقویت دیں گی۔ کانفرنس میں6مختلف موضوعات جیسے کہ پائیدار کاروباری عمل، موسمیاتی خطرے میں کمی، تعلیم اور مالی لچک سے متعلق 50 سے زائد تحقیقی مقالات پیش کیے گئے، جو آن لائن اور آف لائن دونوں صورتوں میں تھے۔ اس موقع پر "اداروں کی لچک اور مطابقت" پر ایک خصوصی پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات