Live Updates

وفاقی حکومت کا یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان

سندھ حکومت نے بھی بدھ 28 مئی 2025ء کو صوبے بھر میں ملازمین کو چھٹی دے دی

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 مئی 2025 14:46

وفاقی حکومت کا یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء ) وفاقی حکومت نے یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سندھ حکومت بھی بدھ 28 مئی 2025ء کو صوبے بھر میں یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کرچکی ہے، اسی طرح پاکستان سٹاک ایکسچینج نے بھی یوم تکبیر پر عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے ذریعے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے 28 مئی کو یوم تکبیر کے باعث عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیف مارکیٹ آپریشن نے تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کی 27برس مکمل ہونے پر یوم تکبیر 28 مئی کو جوش و خروش اور ملی جذبہ کے ساتھ منایاجائے گا، اس روز ملک بھر میں خصوصی تقاریب، سیمینارز اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جائے گا، جس سے خطاب کے دوران مقررین ایٹمی دھماکوں کے تناظر میں محسن ملک و قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور دیگر کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے، اس موقع پر ملک بھر کے تمام شہروں میں پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے حوالے سے سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی جب کہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 28 مئی 1998ء کو پاکستان نے بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میںچاغی کے مقام پر بھارت کی جانب ایٹمی دھماکوں کے بعد ایٹمی دھماکے کرکے دنیا بھر میںساتویں ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز حاصل کیا، قبل ازیں امریکہ، برطانیہ، روس، چین، فرانس اور بھارت ایٹمی طاقت کے حامل ملک تھے، پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے پہلی اسلامی ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات