Live Updates

عمران خان کو فوری رہا کیا جائے اور جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں: حلیم عادل شیخ

پیپلزپارٹی کی نااہلی کی وجہ سے سندھ میں پانی کی شدید قلت، زرخیز زمینیں بنجر ہو گئیں ہیں، صدر تحریک انصاف سندھ

منگل 20 مئی 2025 17:46

عمران خان کو فوری رہا کیا جائے اور جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں: حلیم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے عمران خان کی فوری رہائی ناگزیر ہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر بنائے گئے تمام جھوٹے، بے بنیاد اور سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات فوری طور پر ختم کیے جائیں۔ یہ کیسز دراصل ملک کی سب سے بڑی عوامی قیادت کو دبانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا تمام پی ٹی آئی قائدین اور کارکنان کو رہا کیا جائے۔ جمہوری جدوجہد کرنے والے ہمارے ہزاروں رہنما اور کارکن جھوٹے مقدمات میں قید ہیں۔ ان کی فوری رہائی انسانی حقوق اور آئینی آزادیوں کا تقاضا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ میں پانی کی سنگین قلت تشویشناک صورت اختیار کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

خاص طور پر اندرون سندھ کے کسان پانی نہ ہونے کی وجہ سے بدترین معاشی حالات کا شکار ہیں۔

زرعی زمینیں بنجر ہو رہی ہیں، کسانوں کا معاشی قتل بند کیا جائے۔ پیپلز پارٹی کی نااہلی اور کرپشن نے سندھ کی زرخیز زمینوں کو ریگستان میں بدل دیا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ کا سب سے بڑا شہر جو پورے سندھ کو بوجھ اٹھاتا ہے کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر میں پانی کی قلت حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ ٹینکر مافیا کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ حکومت کی کرپشن عروج پر ہے ترقیاتی منصوبے کاغذوں تک محدود ہیں، اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات