Live Updates

وفاقی وزرا کا وزارت مواصلات کے ترجیحی منصوبوں پر مشترکہ اجلاس، اہم شاہراہوں کی تعمیر پر زور

منگل 20 مئی 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت وزارت مواصلات کے ترجیحی ترقیاتی منصوبوں پر مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی شاہراہوں، موٹروے منصوبوں اور محدود ترقیاتی فنڈز کے بہتر استعمال سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ ملک میں دستیاب محدود ترقیاتی فنڈز کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف ترجیحی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ خاص طور پر شاہراہوں کی تعمیر سے متعلق اہم منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ میں ایم-6 موٹروے کا منصوبہ آئندہ مالی سال میں شروع کیا جائے گا، جو جنوبی پاکستان میں سفری سہولتوں میں انقلابی بہتری لائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسلام آباد ۔مری ہائی وے اپ گریڈیشن اور ناران-کاغان موٹروے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اجلاس کے دوران این ایچ اے کی مالی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ریونیو میں گزشتہ ایک سال کے دوران 50 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو ادارے کی استعداد اور شفافیت کا ثبوت ہے۔دونوں وزرا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شاہراہوں اور موٹروے منصوبوں کی بروقت تکمیل قومی معیشت اور عوامی سہولت کے لیے ناگزیر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات