شہر میں بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا، سید امین الحق

حکمرانوں نے کراچی کے شہریوں کیلئے بنیادی ضروریات زندگی کو ناپید کر دیا، کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر ایم کیو ایم کے سینئر رہنما کا بیان

منگل 20 مئی 2025 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے بہادر آباد مرکز سے جاری بیان میں کہا ہے کہ موسم گرما کی آمد پر ہی کے الیکٹرک نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب شہریوں پر نازل کردیا ہے، شہر کے بیشتر علاقوں میں 8 گھنٹے سے 12 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، بجلی کی غیر اعلانیہ اور حد سے زیادہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں میں پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے، حکمرانوں نے کراچی کے شہریوں کیلئے بنیادی ضرورت کو بھی نایاب ترین شے بناکر رکھ دیا ہے، پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس اور بجلی کے بلز ادا کرنے والے شہری قرضے لیکر سولر لگاکر گزارا کررہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک اور بے حس حکمران دودھ دینے والی گائے کو قتل کرنے کے در پر ہیں، کے الیکٹرک کی انتظامی نا اہلی پر وزرا کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، اگر حکمران طبقے نے کے الیکٹرک کو کراچی کے عوام کو بغاوت پر اکسانے کا ٹاسک دے دیا ہے تو کھل کر بتائے، کوئی بھی حکمران اور حکومت عوامی ردعمل کا سامنا نہیں کرسکتی لہذا حکمران ہوش کے ناخن لیں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کریں