لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) پنجاب اسمبلی کے ایوان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کے خلاف قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی ۔پنجاب اسمبلی کااجلاس مقررہ وقت کی بجائے2 گھنٹہ 18منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئر پرسن سمیع اللہ خان کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن بارے سوالوں کے جوابات دئیے گئے۔
اجلاس میں اپوزیشن رکن سردار علی خان اورصوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی ۔ اپوزیشن رکن سردار علی خان کو ندیم قریشی نے خاموش کروا دیا جبکہ صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن کو رانا ارشد نے اپنی نشست پر بٹھایا۔ پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان دونوں ارکان کو بیٹھنے کی ہدایت کرتے رہے اور کہا کہ مائیک کھولنے کیلئے کوئی رکن اسمبلی براہ راست سٹاف کو نہیں کہہ سکتا۔
(جاری ہے)
وقفہ سوالات کے بعد شیخ امتیاز نے بھارت کے خلاف ریلی نکالنے پر مقدمے کے اندراج پر احتجاج کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے سامنے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا جلانے کااعلان کردیا۔ پینل آف چیئر پرسن سمیع اللہ خان نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ سکورننگ کیلئے مائیک نہیں دے سکتا۔ اس دوران وزیر قانون صہیب بھرتھ نے شیخ امتیاز کو مقدمہ کے حوالے سے معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کر ادی ۔
شیخ امتیاز نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے سامنے مودی کا پتلا جلائوں گا جس میں دم ہے روک کر دکھائے، بھارت کے خلاف 11 مئی کو ریلی نکالی تو صرف مودی کے پتلے کو تھپڑ مار رہا تھا، ریلی میں موجود لوگوں نے پتلے کو مجھ سے چھینا اور آگ لگا دی اس پر مجھ پر اور میرے ساتھیوں پر ایف آئی آر کر دی گئی۔ پینل آف چیئر پرسن سمیع اللہ خان شیخ امتیاز کے ایوان میں اپنائے گئے رویے پر برہم ہو گئے جس پر شیخ امتیاز نے ایوان میں بیٹھ کر نعرے بازی شروع کردی ۔
وزیر قانون صہیب بھرت نے کہا کہ سارے پاکستان میں نریندر مودی اوربھارت کے خلاف احتجاج ہوا پتلےجلے ،ریلیاں نکالیں اگر انہوں نے ریلی نکالی تو شکریہ ادا کرتے ہیں،مودی کا پتلا صرف اپوزیشن نہیں بلکہ سارا پاکستان جلائے گا ،افواج پاکستان نے جس طرح دشمن کو جواب دیا اس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں،انہوں نے اگر پچاس پتلے جلائے تو (ن) لیگ نے پچاس ہزار پتلے جلائے ہیں،اگر پتلا جلانے پر مقدمہ درج ہوا ہے تو اس پر تحقیقات کرائوں گا اور اس کا حل نکالیں گے۔
اجلاس میں گندم پالیسی کے حوالے سے اپوزیشن رکن وقاص محمود مان کی قرارداد پر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے جواب میں کہا کہ وفاق کی گندم کی خریداری یا قیمتوں کااعلان نہ کرنے کی پالیسی پر پنجاب حکومت نے عملدرآمد کیا، حکومت پنجاب نے کسان کارڈ، کسان پیکج اور ای ڈبلیو آر سسٹم سے کسانوں کو فائدہ پہنچایا ہے،وزیر اعلی نے کسانوں کی گندم کیلئے مفت سٹوریج کی سہولت دی ۔
تاہم یہ قرارداد جمعہ تک موخر کر دی گئی ۔پنجاب اسمبلی کے ایوان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کے خلاف قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی ۔قرارداد حکومتی رکن عظمی کاردار نے پیش کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،پاکستان کی افواج و عوام اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں،پانی ہماری لائف لائن ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پوری دنیا بھارت کو ایک غیر ذمہ دار ملک کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے جو اپنی کوئی انٹرنیشنل کمٹمنٹ پوری کرنے کا اہل نہیں،پاکستان بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی سلامتی اور خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ رانا ارشد، حکومتی رکن آمنہ شیخ اور عظمی کاردار نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکبادپیش کی۔رانا ارشد نے کہا کہ ہمارے سپاہی بندوق اٹھاکر دشمن کے سینے میں گولی چلاتے ہیں،نریندر مودی کے خطہ میں بدمعاشی کے خواب کو سپہ سالار نے چکنا چور کر دیا، بھارت کے خلاف پاکستان نے بہترین خارجہ پالیسی اختیار کی، چین کی لازوال دوستی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے جو سرحدوں پر لڑ کر پاکستان کی حفاظت کرتی ہے ، پاکستان نے مضبوط دشمن کو گھر میں گھس کر شکست دی جسے وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
عظمی کاردار نے کہا کہ آرمی چیف نے بھارت کو و دھول چٹائی اس پر فیلڈ مارشل کا عہدہ دینا بھی کم ہے، سپہ سالار اور پاک فوج نے جو معرکہ مارا ہے اس سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا ،پاکستان کی قوم اب ناقابل تسخیر ہو گئی ہے۔قومی اسمبلی میں بچیوں کی کم عمری کی شادی کے خلاف ایک بل متفقہ طور پر منظور ہواہے، یہ اقدام کم عمری کی شادیوں کو روکے گا اور شادی کیلئے شناختی کارڈ لازمی قراردیدیا گیا ہے،پنجاب میں بھی اب ایک ایسے ہی بل کی ضرورت ہے۔
حکومتی رکن سمیع اللہ خان کی لاہور میں کرائم ریٹ کم ہونے پر وزیر اعلی مریم نواز ،آئی جی پنجاب ،سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشن کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر پینل آف چیئرمین راجہ شوکت عزیز بھٹی نے اجلاس کل بدھ کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔