Live Updates

خضدار سکول بس خود کش حملہ؛ آئی ایس پی آر نے 3 بچوں سمیت 5 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کردی

حملے میں سکول جانے والے معصوم بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا، پراکسیوں کو معصوم بچوں اور شہریوں جیسے آسان اہداف کیخلاف دہشت گردی کو ہوا دینے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے؛ شعبہ تعلقات عامہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 مئی 2025 11:34

خضدار سکول بس خود کش حملہ؛ آئی ایس پی آر نے 3 بچوں سمیت 5 افراد کے شہید ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2025ء ) پاک فوج کے ترجمان نے خضدار میں سکول بس پر خود کش حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کردی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ایک اور بزدلانہ اور بھیانک حملے میں جس کی منصوبہ بندی بھارت کی دہشت گرد ریاست نے کی تھی اور بلوچستان میں اس کی پراکسیوں نے اسے انجام دیا اس حملے میں آج خضدار میں سکول جانے والے معصوم بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں 3 معصوم بچے اور 2 بالغ افراد شہادت کو گلے لگا چکے ہیں اور متعدد بچے زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میدان جنگ میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد ان گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کے لیے بھارتی پراکسیوں کو ایکٹو کیا گیا، آپریشن بنیان مرصوص میں ناکام ہونے، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے شکار کیے جانے کے بعد ان بھارتی دہشت گرد پراکسیوں کو بھارت کی طرف سے پاکستان میں معصوم بچوں اور شہریوں جیسے آسان اہداف کے خلاف دہشت گردی کو ہوا دینے کے لیے ریاستی آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سیاسی حکومت کی طرف سے ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال نفرت انگیز اور ان کی پست اخلاقی اور بنیادی انسانی اصولوں کو نظر انداز کرنے کا عکاس ہے، اس بزدلانہ بھارتی اسپانسرڈ حملے کے منصوبہ سازوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور انجام دینے والوں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج بہادر پاکستانی قوم کی حمایت کے ساتھ اپنے تمام مظاہر میں پاکستان سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے متحد ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات