Live Updates

فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، ان کی ذمہ داری بڑھ گئی کہ حالات بہتر بنائیں، بیرسٹر گوہر

عمران خان نے کہا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوئے، فوج حالات بہتری کی طرف لے جانے میں اپنا کردارادا کرے؛ چیئرمین تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 مئی 2025 14:34

فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، ان کی ذمہ داری بڑھ گئی کہ حالات ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2025ء ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے تحریک انصاف کا بطور جماعت اس پر مؤقف سامنے آ جائے گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت اور عمران خان مقبول ترین لیڈر ہے اب سختیاں ختم ہونی چاہئیں، رابطے بحال نہیں ہوئے بلکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوئے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپہ سالار کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد دیتا ہوں تاہم فیلڈ مارشل بننے سے ان کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ وہ حالات کو بہتر بنائیں کیوں کہ فوج ایک بڑا اہم ادارہ ہے، بلاشبہ اُس کا اثر رسوخ رہا ہے اور اب بھی ہے، اِس لیے میں تو کہوں گا کہ وہ حالات بہتری کی طرف لے جانے میں اپنا کردار ادا کریں کیوں کہ بہت زیادہ سختیاں ہو گئی ہیں اور ہر ایک چیز کی کوئی حد ہوتی ہے، فوج کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے لیکن یہ ملک کا ایک اہم ادارہ ہے اور سیاست پر اثرانداز رہا ہے، تو درخواست یہی ہے کہ بہتری کی طرف لے جانے میں جو بھی اپنا کردار ادا کرسکتا ہے تو کرے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی اور ہمیشہ ساتھ دیا ہے، جنگ کی فضا اب بھی موجود ہے اللہ نے پاکستان اور افواج کو کامیابی سے نوازا ہے، بھارت کے خلاف مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہیں،پاکستانی افواج کی جانب سےبھارت کےخلاف بہترین حکمت عملی کے ساتھ جواب دیا گیا، 1971ء ہو یا 1965ء ان دونوں جنگوں سے یہ جنگ زیادہ خطرناک تھی کیوں کہ اس وقت دونوں ممالک نیوکلیئر پاور ہیں، پاکستان کو کامیابی ملنا اعزاز کی بات ہے، پوری قوم اتحاد قائم کرے اور متحد رہے اور اگر بھارت نے دوبارہ کچھ کیا تو پوری قوم مل کر جواب دے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات