Live Updates

کچھ لوگوں کو جنرل عاصم منیر کا فیلڈ مارشل بننا ہضم نہیں ہورہا. رانا ثنااللہ

پاکستانی مسلح افواج نے معرکے میں ملک کا موثر دفاع کیا، دشمن کےخلاف کامیابی سے ملک کو عزت اور مقام ملا ہے، ملک کو عز ت ملی اس کے روح رواں جنرل عاصم منیر تھے‘ فیلڈ مارشل اعزاز دینے کی مثال آرمی ایکٹ میں موجود ہے. وزیراعظم کے مشیر کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 مئی 2025 16:10

کچھ لوگوں کو جنرل عاصم منیر کا فیلڈ مارشل بننا ہضم نہیں ہورہا. رانا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 21 مئی ۔2025 )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو جنرل عاصم منیر کا فیلڈ مارشل بننا ہضم نہیں ہورہا،پاکستان اور بھارت کے درمیان پسِ پردہ مذاکرات کا عمل جاری ہے ایک انٹرویو میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے معرکے میں ملک کا موثر دفاع کیا، دشمن کےخلاف ملک کے موثر دفاع میں پوری قوم شامل تھی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج نے جرات مندانہ دفاع کیا.

(جاری ہے)

رانا ثنااللہ نے کہا کہ دشمن کےخلاف معرکے میں روح رواں جنرل عاصم منیر ہی تھے، دشمن کےخلاف کامیابی سے ملک کو عزت اور مقام ملا ہے، ملک کو عز ت ملی اس کے روح رواں جنرل عاصم منیر ہیں انہوں نے کہا کہ پوری قوم چاہتی تھی کہ جنرل عاصم منیر کو اعلی ترین اعزاز دیا جائے، اعزاز ملنے سے فیلڈ مارشل عاصم منیرکی مدت ملازمت پر فرق نہیں پڑے گا ، فیلڈ مارشل کا اعزاز جنرل عاصم منیر کےساتھ ہمیشہ رہےگا، حکومت فیلڈ مارشل کا اعزاز دے سکتی ہے،مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ اس سے متعلق آرڈر نہیں کرسکتا، فیلڈ مارشل کے اعزاز سے متعلق آرمی ایکٹ میں ذکر موجود ہے، ہائیکورٹ کسی بھی اعزاز سے متعلق حکومت کو ڈائریکشن نہیں دے سکتی.

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل ایک اعزاز ہے جو تاحیات ساتھ رہے گا، فیلڈ مارشل اعزاز دینے کی مثال آرمی ایکٹ میں موجود ہے ایئرچیف کی خدمات کے اعتراف میں مدت ملازمت بڑھانے کی بات کی گئی، کوئی کسی بھی رینک میں ہو حکومت کے پاس مدت بڑھانے کا اختیار ہے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا توایئرچیف کی مدت ملازمت سے متعلق تفصیل ہوگی، جنہوں نے اس معرکے میں حصہ لیا ان سب کو اعزازات دیے جائیں گے.

دریں اثنا ایک اور انٹرویو میں رانا ثنااللہ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پسِ پردہ مذاکرات کا عمل جاری ہے ان کا کہنا تھا کہ یہ مذاکرات ڈی جی ایم اوز کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے علاوہ ہیں، اور جلد ان کے مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے رانا ثنااللہ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اس وقت ملک کی اندرونی سیاسی صورتِ حال کے باعث ان مذاکرات کا کھلے عام اعتراف نہیں کر سکتے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان خفیہ رابطے جاری ہیں.
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات