Live Updates

خضدار میں ایک اور بزدلانہ اور دلخراش حملے میں سکول بس کو نشانہ بنایا گیا، 3معصوم طالبات سمیت 5 افراد شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

بدھ 21 مئی 2025 19:50

خضدار میں ایک اور بزدلانہ اور دلخراش حملے میں سکول  بس کو نشانہ بنایا ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) بلوچستان کے علاقے خضدار میں بدھ کو ایک اور بزدلانہ اور دلخراش حملے میں سکول کے بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں 3معصوم طالبات سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، یہ دہشت گردی بھارت کی منصوبہ بندی اور سرپرستی میں اس کے مقامی ایجنٹوں کے ذریعے کی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میدانِ جنگ میں بری طرح ناکامی کے بعد، بھارت نے اپنے ایجنٹوں کو بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت، بدامنی اور انتشار پھیلانے کے لئے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ پاکستان کے پرامن علاقوں کو عدم استحکام کا شکار کیا جا سکے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس افسوسناک واقعہ میں تین معصوم بچے اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ متعدد بچے زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن "بنیان مرصوص" میں شرمناک شکست اور سکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیوں سے بوکھلا کر بھارتی ریاست نے اپنے دہشت گرد ایجنٹوں کو پاکستان میں سافٹ اہداف خصوصاً معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی اپنانا بھارتی سیاسی حکومت کی پست ذہنیت اور انسانی اقدار سے مکمل انحراف کو ظاہر کرتا ہے،اس بزدلانہ اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے منصوبہ سازوں، مددگاروں اور مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج پوری پاکستانی قوم کی حمایت سے ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی ہر شکل کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات