Live Updates

پنجاب بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے

شرپسند عناصر پنجاب میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، جووعدہ کروں گی پورا کروں گی، تجاوزات کے خاتمے سے بازار کھلے اور عوام خوش ہیں، لاہورمیں 6 ہزار گلیوں کی تعمیر ومرمت اور450 کلومیٹر طویل سیور لائن ڈالی جارہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 21 مئی 2025 20:17

پنجاب بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 مئی 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کوپہلے جامع اور منفردبیوٹی فکیشن پلان اور ہر پراجیکٹ کے بارے میں خودتین گھٹنے طویل بریفنگ دی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بتایا کہ بیوٹی فکیشن پلان کے تحت ہر ڈسٹرکٹ کے بازاروں میں لٹکتے بے ہنگم بجلی کے تار انڈر گراؤنڈ کیے جائیں گے۔ ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں ریڑھی بازار قائم ہوگا اور مختلف شہروں میں کینالز کوبھی سجایا جائے گا۔

(جاری ہے)

بیوٹی فکیشن پلان کے تحت بازاروں کی ری ماڈلنگ، انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی اور فوڈ سٹریٹ بھی قائم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی سے انکی نشستوں پر جا کر ملاقات کی اور ارکان اسمبلی سے حال احوال دریافت کیا۔ ارکان اسمبلی نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ارکان اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ارکان اسمبلی نے بیک وقت 80 سے زائدبڑے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں صوبہ بھر میں نئے پراجیکٹس لانے کے اعلانات کیے۔ صوبہ بھر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان لانے کا اعلان کیا۔ 60 شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اسی سال مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے 800 گاؤں کو بتدریج ماڈل ویلج بنانے کا اعلان کیا۔ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے دیہات میں 400کلو میٹر چھوٹی رابط سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اگلے سال سے سڑکوں کی تعمیر و توسیع کیلئے ڈھائی سو ارب کے فنڈز دینے کا اعلان کیا۔اجلاس میں 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع کو دینے کا اعلان کیا۔

سال کے آخر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس سروس جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ لاہور کینال روڈ پر اے آر ٹی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ بھی جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر میں نادار اور ضرورت مندوں کے لئے راشن کارڈ جلد لانچ کرنے کا اعلان کیا۔

ہر بڑے شہر میں واسا قائم کرنے کا اعلان کیا۔ہرڈویڑن میں سینٹر آف ایکسی لنس  کنڈرگارٹن کیمپس بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدہ کروں گی پورا کروں گی۔ تجاوزات کے خاتمے سے صوبہ بھر میں بازار کھلے اور عوام خوش ہیں۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

ستھرا پنجاب کو روز بروز بہتر سے بہترین بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ شہروں کے بعد پہلی مرتبہ گاؤں کو بھی صفائی پروگرام میں شامل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کوئی ڈسٹرکٹ یا تحصیل بیوٹی فکیشن پلان سے محروم نہیں رہے گا۔ ارکان اسمبلی میرے بہن، بھائیوں کی طرح اور آنکھیں اور کان کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے۔

شرپسند عناصر پنجاب میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ سی ٹی ڈی کو مضبوط بنا یا، صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشن ہورہے ہیں۔ چند ماہ میں پنجاب کے سب شہر سیف سٹی ہونگے۔ پنجاب میں مؤثر اینٹی نارکوٹکس فورس کو متحرک کردیا گیا۔ بے زبان جانوروں کے تحفظ کی بھی مؤثر مہم جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 8ہزار پر مشتمل پیرا فورس انسداد تجاوزات،پرائس کنٹرول اور دیگر امور کے لئے کام شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔

لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت6 ہزار گلیاں، سیور اور واٹر ٹینک وغیرہ بن رہے ہیں۔ عوام کا پیسہ اب عوام پر ہی خرچ ہورہا ہے۔ ایک ایک پیسہ عوام کی امانت ہے، سوچ سمجھ کر خرچ کرنا ہے۔ نیک نیتی سے کام کررہے ہیں اللہ تعالیٰ ضرور اجر دے گا۔ رمضان پیکج کی شفافیت کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کا مفاد بھی پیش نظر ہے۔

لاہور میں 450 کلومیٹر تک سیور لائن ڈالی جارہی ہے۔ عوام کی خدمت میں معاونت کرنے والی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔معاون خصوصی برائے سیاسی اموررانا ثنا ء  اللہ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عام آدمی کی بھلائی کے اقدامات کو سراہا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی ارشد وڑائچ مرحوم اور ایم پی اے فیصل کے والد مرحوم کے لئے بھی دعا مغفرت کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات