Live Updates

خضدار میں سکول بس پر حملے کے پیچھے دشمن ملک کا ہاتھ ہے،ہم دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے اور پوری طاقت سے انہیں عبرت کا نشانہ بنائیں گے،خواجہ آصف

جمعرات 22 مئی 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کیلئے کالعدم تنظیموں کی حمایت کر رہا ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خضدار کے علاقے میں سکول بس پر حملے کے پیچھے دشمن ملک کا ہاتھ ہے، ہم دشمن عناصر کی جانب سے بزدلانہ اور سفاکانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے اور پوری طاقت سے انہیں عبرت کا نشانہ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں امن کو خراب کرنے کیلئے بی ایل اے اورٹی ٹی پی کو فنڈز فراہم کر رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے ہرممکن کوششیں جاری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعہ کی شفافیت کے ساتھ تحقیقات کرنے کی پیشکش کی لیکن بھارت نے اس پیشکش کو ٹھکرا کر پاکستان پر جنگ مسلط کر دی تاہم افواج پاکستان نے بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر محاذ پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات