Live Updates

بھارت اور مودی کو بہت بڑی شکست ہوئی ہے ،ہم فتح کا جشن منا رہے ہیں بھارت پر سوالات کی بوچھاڑ ہو رہی ہے،عطاءاللہ تارڑ

والدین کے عزم اور حوصلے کو داد دیتا ہوں،بلوچستان میں دہشتگردانہ حملوں میں بھارت ملوث ہے، مودی کے پاس بھارتی عوام کے سوالوں کا جواب نہیں ہے،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا پختہ عزم ہے کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے ختم کریں گے،وفاقی وزیر اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 23 مئی 2025 14:11

بھارت اور مودی کو بہت بڑی شکست ہوئی ہے ،ہم فتح کا جشن منا رہے ہیں بھارت ..
خضدار (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 مئی 2025)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت اور مودی کو بہت بڑی شکست ہوئی ہے ، ہم فتح کا جشن منا رہے ہیں ، بھارت پر سوالات کی بوچھاڑ ہو رہی ہے، والدین کے عزم اور حوصلے کو داد دیتا ہوں،مودی کو اب چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی ہے، خضدار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مودی کے پاس بھارتی عوام کے سوالوں کا جواب نہیں ہے ۔

بھارت بزدل دشمن ہے جس نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا۔ بھارت کو جنگ میں شکست فاش دی۔ بلوچستان میں دہشتگردانہ حملوں میں بھارت ملوث ہے۔مودی کا بلوچستان سے کیا تعلق وہ اپنی تقرریوں میں آئے روز اس کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔ بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

معرکہ حق کے بعد بھارت سافٹ ٹارگٹ پر آ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ مودی اور ان کے وزراءاپنی تقرریوں میں بلوچستان کا ذکر کیوں کرتے ہیں۔

بھارت کو آپریشن بنیان مرصو ص میں منہ کی کھانی پڑی۔ تمام سیاستدانوں اور پارلیمان کو مل کر کام کرنا چاہئے ۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا پختہ عزم ہے کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے ختم کریں گے۔ہماری قوم وہ واحد قوم ہے جس کے بچوں کی قربانی بھی سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خضدار واقعہ ایک بہت بزدلانہ حملہ تھا۔

بلوچستان میں دہشتگردوں کو ہم نے فتنہ الہندوستان کا نام دیا ہے۔ فتنہ الہندوستان مکمل طور پر اس علاقے میں سرگرم تھا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔10 تاریخ کو بھارت نے دوبارہ حملے کئے اور اسی روز بلوچستان میں 30 مختلف مقامات پر حملے کئے گئے جو ایک منظم اور مربوط کارروائی کا حصہ تھے۔ سکول جاتے ہوئے بچوں کی بس پر حملہ ذہنی پستی اور دشمن کی بزدلی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال پہلے سے جاری ہے جس میں ہماری فورسز پہلے سے ہی مصروف ہیں۔ اس واقعہ کے بعد ہمارا عزم اور بھی مضبوط ہوگیا ہے جب تک ہم فتنہ الہندوستان کو یہاں سے بالکل ختم نہیں کر دیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے شہید ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سانحات کے باوجود قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔

چاہے اے پی ایس کا واقعہ ہو، بھارتی جارحیت ہو یا بلوچستان میں حالیہ حملے۔ ہماری قوم نے ہر محاذ پر قربانیاں دیں۔وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر دونوں کا پختہ عزم کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ خضدار دھماکے کا حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا اور اس حملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔عطاءاللہ تارڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ایک سال کے آپریشنز کے بعد اب یہ دہشتگرد ہارڈ ٹارگٹ سے سوفٹ ٹارگٹ کی طرف جا رہے ہیں۔ ایک سال کے اندر بہت کامیابیاں ملی ہیں۔ جعفر ایکسپریس کا جو واقعہ ہوا اس میں بھی بڑی مہارت کے ساتھ ڈیل کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات