Live Updates

وزیراعظم شہبازشریف کے تین اسلامی ممالک کے دورے سے معیشت مضبوط ہوگی،امان پراچہ

جمعہ 23 مئی 2025 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2025ء) فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے نائب صدر امان پراچہ نے زیراعظم محمد شہباز شریف کے تین ممالک ایران،ترکیہ اور آذر بائیجان کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تجارت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔امان پراچہ نے کہا کہ 2024 میں پاکستان اور ترکی کے درمیان مجموعی تجارتی حجم 1.4 ارب ڈالر کی تاریخی بلند سطح رہی تھی، جو گزشتہ سال2023 کی نسبت تقریباً 30 فیصد زیادہ رہی تاہم اس اضافے کے باوجود، دونوں ممالک کا ہدف 5 ارب ڈالر کے تجارتی حجم تک پہنچنا ضروری تھا ، فروری 2025 میں پاکستان نے ترکی کو 29.7 ملین ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ ترکی سے 46.9 ملین ڈالر کی درآمدات ہوئیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کا تجارتی توازن 17.1 ملین ڈالر منفی رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ مالی سال کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم تقریباً 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، دونوں ممالک نے اس تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار ضرورکیا ہے تاہم ایران پر امریکی پابندیوں جیسے بیرونی عوامل نے اقتصادی روابط کو محدود کر رکھا ہے،اگر پاکستان اور ایران باہمی تجارت کو بڑھانے کی کوششیں کریں تو اس سے دونوں ممالک کی معیشت مضبوط ہوسکے گی۔

امان پراچہ نے مزید بتایا کہ آذر بائیجان کے ساتھ پاکستان کے تجارتی روابط بڑھ رہے ہیں اور مستقبل میں آذربائیجان پاکستان کا ایک بہترین تجارتی پارٹنر بن سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ2024 میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی حجم 2.2 کروڑ ڈالر رہا، جو 2023 کے مقابلے میں 22.5 فیصد زیادہ تھا ، اس میں پاکستان سے آذربائیجان کو 2.18 کروڑ ڈالر کی درآمدات اور آذربائیجان سے پاکستان کو 1.96 لاکھ ڈالر کی برآمدات شامل ہیں، دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے دو طرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا اور اب وزیراعظم میاں شہبازشریف کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت بڑھنے کے وسیع مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہبازشریف تینوں برادر اسلامی ممالک کو بھارتی یلغار سے متعلق اعتماد میں لیں اور انہیں بتائیں کہ بھارت کس طرح سے خطے میں دہشت گردی مچا رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات