Live Updates

اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کے خلافمذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی

وزیراعلی نے تحریک انصاف کے بغض میں پاکستان کی سلامتی کے خلاف بیان دیا،پوری قوم سے معافی مانگیں ‘مطالبہ

ہفتہ 24 مئی 2025 04:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر ،اراکین اسمبلی فرخ جاوید مون، احمر بھٹی، علی امتیاز، معین قریشی کی جانب سے قرارداد جمع کروائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب نے بیان دیا کہ ہندوستان نے حملہ کر کے جو نقصان پہنچایا اس سے زیادہ نقصان ایک سیاسی جماعت نے 9مئی کو پہنچایا، وزیر اعلی پنجاب کا یہ بیان پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہے، کیا ہمارے معصوم بچے، عورتیں اور عام شہری جو شہید ہوئے ان کی جانوں کی وزیراعلی کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں، وزیراعلی نے پاکستان تحریک انصاف کے بغض میں بھی پاکستان کی سلامتی کے خلاف بیان دیا،ان کا یہ بیان مودی کے ساتھ اظہار یکجہتی ظاہر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، فارم 47کے باوجود قومی اسمبلی میں اس کی اکثریت ہے، فارم 47کے باوجود پی ٹی آئی کے پنجاب میں 100سے زائد ممبر ہیں، ایک صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے جو کہ وفاق کی علامت ہے، یہ فارم 47کے مینیج الیکشن کے بعد وزیر اعلی بنیں اور 9مئی کو سامنے رکھتے ہوئے ملکی سلامتی کے خلاف بیان دیا، 9 مئی کے مقدمات، ظلم اور جس طرح مقدمات کو چلایا جارہا ہے وہ پوری دنیا کے سامنے ایک تلخ حقیقت ہے، پاکستان تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جنہوں نے سی سی ٹی وی کیمرے چوری کیے انہیں کٹہرے میں لایا جائے، وزیر اعلی پنجاب نے مسلح افواج اور پاکستان کے خلاف یہ جو بیان دیا ہے یہ غداری کے مترداف ہے، اس بیان پر وزیر اعلی پنجاب پوری قوم سے معافی مانگیں اور پنجاب اسمبلی اس مذمتی قرارداد کو منظور کرے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات