سکول جاتے ہوئے بچوں کی بس پر حملہ ذہنی پستی اور دشمن کی بزدلی کی عکاسی کرتا ہے،صاحبزادہ حافظ فاران سہیل

پاکستان دنیا کی واحد قوم ہے جس کے بچوں نے بھی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں کا پختہ عزم ہے کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا، پاکستانی قوم بھارتی دہشت گردی اور جارحیت کے خلاف یک زبان اورمتحد ہے، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 24 مئی 2025 14:10

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)سکول جاتے ہوئے بچوں کی بس پر حملہ ذہنی پستی اور دشمن کی بزدلی کی عکاسی کرتا ہے، ایسے سانحات کے باوجود قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے،چاہے اے پی ایس کا واقعہ ہو، بھارتی جارحیت ہو یا بلوچستان میں حالیہ حملے، ہماری قوم نے ہر محاذ پر قربانیاں دیں،ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے سینئر رہنما صاحبزادہ حافظ فاران سہیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد قوم ہے جس کے بچوں نے بھی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں کا پختہ عزم ہے کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا، پاکستانی قوم بھارتی دہشت گردی اور جارحیت کے خلاف یک زبان اورمتحد ہے، بھارت آپریشن سندور کی ناکامی پر پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے،بھارت کبھی آبی جارحیت کر رہاہے تو کبھی بم دھماکے کروا رہا ہے،پاکستانی قوم کی بھارتی جارحیت کیخلاف یکجہتی دنیانے دیکھ لی جبکہ بھارت میں آپریشن سندور پر اب بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں، پاکستا نی قوم بھارتی کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے تیار ہے،سفارتی سطح پر بھی بھارت آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد تنہا ہو گیا ہے،دنیا اس کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کررہی ہے،جبکہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران سفارتی جنگ بھی جیتی ہے۔