اسلام آباد اورراولپنڈی میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری‘پنجاب اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 24 مئی 2025 15:53

اسلام آباد اورراولپنڈی میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 24 مئی ۔2025 ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورراولپنڈی میں طوفانی ہواﺅں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے طوفانی بارش سے اسلام آباد میں قائداعظم یونیورسٹی کی کینٹین کا شیڈ گر گیا جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے قبل سیاہ گھٹاﺅں نے دن میں ہی رات کا سماں پیدا کر دیا.

(جاری ہے)

راولپنڈی میں شمس آباد پر 32، پی ایم ڈی 29، گولڑہ کے مقام پر 10 ملی میٹر اور کچہری میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں پانی کا بہاﺅ معمول کے مطابق ہے ادھر خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سوات، مینگورہ، چارسدہ، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی اور مالاکنڈ ڈویژن میں بارش اور ژالہ باری نے سیاحتی مقامات کا حسن دوبالا کردیا، ٹھنڈی ہواﺅں نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا.

سوات میں بارش کے ساتھ ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا، سیاحوں نے موسم بدلتے ہی بھرپور لطف اٹھایا، بارش سے سوات کے ندی نالے پانی سے بھرگئے، سڑکوں پربچے اوربڑے موج مستیاں کرتے نظر آئے پشاور میں بھی ٹھنڈی ہواﺅں سے موسم خوشگوار ہوگیا، گرمی کا زور ٹوٹنے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، تیز ہواﺅں سے کچھ مقامات پر سائن بورڈز بھی اکھڑ گئے.

مانسہرہ اورگردونواح میں بھی تیز بارش اور ہواﺅں نے موسم کے تیور بدل دیے، کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز آندھی کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی ہری پور اورگردونواح میں بھی ابر رحمت برسنے سے گرمی سے ستائے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا. محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع ہفتہ کے روز بھی شدیدگرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہے، دوپہر کے بعد ساحلی علاقوں میں تیزگرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے.

کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمی کی شدت برقرار ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت بھی زیادہ ہے محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 52 ڈگری اور دادو میں 51 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے.