Live Updates

پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے شکست دے کر لاہور قلندرز تیسری بار چیمپئن بن گئی

پیر 26 مئی 2025 02:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے شکست دے کر لاہور قلندرز تیسری بار چیمپئن بن گئی۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10کے فائنل میں آپریشن بنیان مرصوص میں پاک بحریہ کی پاکستانی پانیوں کی حفاظت اور سمندری دفاع میں اپنی برتری ثابت کرنے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

معروف گلوکاروں نے ملی نغموں سے شائقین کا لہو گرمایا، گلوکار ابرارالحق نے اپنے مشہور گیتوں سے شائقین سے خوب داد وصول کی جب کہ گلوکار رضوان مرزا، حسین علی پراچا اور ندیم عباس لونے والا نے ملی نغمہ گاکر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔صدر پاکستان آصف علی زرداری، پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ،امریکہ کی قائمقام سفیر نیٹلی بیکر، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، سیاسی و عسکری شخصیات اور اعلی سول حکام نے فائنل کی تقریب میں شرکت کی جنہوں نے اس موقع پر پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل 10کے آخری معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حسن نواز اور فہیم اشرف کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر201رنز بنائے۔لاہور قلندرز نے محمد نعیم، کوشال پریرا کی جارحانہ اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کوشال پریرا 62رنز پر ناقابل شکست رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اوپننگ جوڑی اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔

کپتان سعود شکیل 4، فن ایلن 12رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو رائیلی روسوو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے وہ 22رنز بناکر آوٹ ہوگئے جب کہ اویشا فرنینڈو بھی 29رنز ہی بناسکے تاہم حسن نواز وکٹ پر ڈٹے رہے اور انہوں نے اپنی نصف سینچری مکمل کی، وہ 43گیندوں پر 76رنز بناکر آوٹ ہوئے جس میں 4چھکے اور 8چوکے شامل تھے۔دنیش چندیمل نے 13گیندوں پر 22رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ فہیم اشرف نے آخری اوور میں میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا، انہوں نے سلمان مرزا کو آخری اوور میں 3چھکے اور ایک چوکا لگاکر 23رنز بٹورے، وہ 8گیندوں پر 28رنز بناکر آوٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، سلمان مرزا اور حارث روف نے 2،2جب کہ سکندر رضا اور رشاد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور محمد نعیم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم فخرزمان صرف 11رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوگئے البتہ محمد نعیم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا وہ 27گیندوں پر 47رنز بناکر آوٹ ہوئے جس میں 6چھکے اور صرف ایک چوکا شامل تھا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے بھی 28گیندوں پر 41رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ راجا پکسے صرف 14رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔کوشال پریرا 31گیندوں پر 62رنز بناکر ناقابل شکست رہے ، ان کی اننگز میں 4چھکے اور 5چوکے شامل تھے جبکہ سکندر رضا نے 7گیندوں پر 22رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات