Live Updates

مجھے ہندوستان بھیجیں، میں پاکستان کی وکالت کروں گا اور آپ کی صلح کراتا ہوں، ایمل ولی خان

آپ لوگ جو تیسرے چوتھے ملک جارہے ہیں وہ بھی ٹھیک ہے لیکن آپ کے ملک میں بھی ایسا اثاثہ موجود ہے، ہمیں استعمال کریں، میں آپ لوگوں کو ایک ٹیبل پر لاتا ہوں؛ سربراہ اے این پی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 مئی 2025 11:43

مجھے ہندوستان بھیجیں، میں پاکستان کی وکالت کروں گا اور آپ کی صلح کراتا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی 2025ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ مجھے ہندوستان بھیجیں، میں پاکستان کی وکالت کروں گا اور آپ کی صلح کراتا ہوں۔ 365 نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایک جوان ہوں اور ہم اصل سٹریٹیجک ایسٹ ہیں، مجھے اس پر فخر ہے کہ پاکستان میں میری طرح بہت کم لوگ ہوں گے جو ان حالات میں بھی کہیں گے کہ مجھے ہندوستان بھیجیں، میں پاکستان کی وکالت کروں گا اور میں آپ لوگوں کی صلح کراتا ہوں، میں آپ لوگوں کو ایک ٹیبل پر لاتا ہوں، آپ لوگ جو تیسرے چوتھے ملک جارہے ہیں وہ بھی ٹھیک ہے لیکن آپ کے ملک میں بھی ایسا اثاثہ موجود ہے، ہمیں استعمال کریں ہم امن کا پیغام لے کر جائیں گے، وہ سٹریٹیجک ایسٹ نہیں ہیں جو یہ ملک سمجھ رہا ہے کہ ہمارا اثاثہ ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ اگر ڈرون پنجاب میں گرتا ہے تو پورا ملک غم میں ڈوب جاتا ہے لیکن اگر وہی ڈرون وزیرستان پر گرے تو خاموشی چھا جاتی ہے، یہی ہمارا سب سے بڑا المیہ ہے کہ یہاں احساس کا فرق ہے، جس طرح جذبات اور احساسات پنجاب میں ڈرون کے اڑنے پر ہوتے ہیں وہی ہمیں بھی لانے ہوں گے، چاہے وہ ڈرون لاہور میں گرے، وزیرستان میں گرے، خضدار میں گرے یا کہیں بھی گرے اس پر ہمارے جذبات تو ایک جیسے ہوں۔

حال ہی میں تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے اپنے پوڈ کاسٹ کے دوران ایمل ولی خان سے سوال کیا کہ ’آپ کو بار بار عوام نے مسترد کیا، باچا خان کے خاندان اور اسفند یارولی کے بیٹے کے علاوہ آپ میں کیا قابلیت ہے کہ آپ پارٹی کے صدر ہیں‘، اس کے جواب میں سربراہ عوامی نیشنل پارٹی نے کہا کہ ’کچھ بھی نہیں بس یہی تو ایک قابلیت ہے‘۔ ایمل ولی خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ الیکشن سے 4 دن پہلے مجھے پیغام آیا کہ علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ بن رہے ہیں، میں یہ کھل کر کہوں گا کہ انتخابات میں سیٹیں بکی ہیں، میں نہیں مان سکتا کہ عوام نے ہمیں مسترد کیا ہے کیوں کہ یہ میرے اور عوام کے درمیان کنکشن کو توڑنا ہے، اس بار جو گیم ہوئی ہے یہ جمہوریت پر ٹارگٹ حملہ ہے، یہ ایک الیکشن کی بات نہیں یہ پورے نظام کی بات ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات