Live Updates

وزیر اعظم کی لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 10کا فائنل جیتنے پر مبارکباد

پی ایس ایل10میں شامل تمام ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا‘شہباز شریف

پیر 26 مئی 2025 16:51

وزیر اعظم کی لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 10کا فائنل جیتنے پر مبارکباد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے فائنل میں لاہور قلندرز کی کامیابی پر ٹیم، انتظامیہ اور تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور قلندرز نے ایک ہائی اسکورنگ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد جس انداز میں ہدف حاصل کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے فائنل میں شاندار کھیل پیش کرنے پر لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔شہبازشریف نے کہا کہ پی ایس ایل 10میں شامل تمام ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ ایونٹ کی کامیاب میزبانی پاکستان میں کھیلوں کے روشن مستقبل کی عکاس ہے۔انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور پی سی بی کی پوری انتظامیہ کو لیگ کے کامیاب اور شاندار انعقاد پر خصوصی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے تمام کھلاڑیوں، بالخصوص غیر ملکی کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا، جن کی شرکت سے پی ایس ایل کا معیار مزید بلند ہوا اور ایونٹ کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔واضح رہے کہ اتوار کی شب لاہور قلندرز نے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ 10کا ٹائٹل جیت لیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 202رنز کا ہدف لاہور قلندرز نے 4وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرکے 4سال میں تیسرا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات