Live Updates

سندھ میں موٹرویز کی تعمیر اولین ترجیح ہے، ایم 6اور ایم 10دونوں کو اکٹھا شروع کیا جائے گا، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 26 مئی 2025 20:20

سندھ میں موٹرویز کی تعمیر اولین ترجیح ہے، ایم 6اور ایم 10دونوں کو اکٹھا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سندھ میں موٹرویز کی تعمیر اولین ترجیح ہے، ایم 6اور ایم 10دونوں کو اکٹھا شروع کیا جائے گا، ایم 6پاکستان کی شہ رگ ہے، اسے گزشتہ حکومتوں میں نظر انداز کیا گیا، بندرگاہ سے جوڑے بغیر موٹروے کی افادیت مکمل نہیں ہو سکتی، دونوں موٹرویز کو کراچی پورٹ سے لنک کریں گے۔

پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ایم 6تقریبا400ًارب روپے کا پراجیکٹ ہے، اس میں پانچ سیکشن ہیں اور ہر سیکشن 60کلومیٹر پر مشتمل ہے اور سرمایہ کاری کے لئے اس سے بہتر کوئی منصوبہ نہیں ہو سکتا۔انہوں نے بتایا کہ ایم 6کے دو سیکشن کی فنانسنگ ہو چکی ہے جبکہ تین پر بات چیت جاری ہے انشاء اللہ اگلے15دنوں میں فزیبلٹی بنا کر وزیر اعظم کو پیش کر دیں گے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ سب سے پہلے موٹروے کراچی،حیدرآباد اور حیدرآباد سکھر مکمل ہوں گی، اسی طرح اس سال این 25کراچی سے کوئٹہ پر بھی کام شروع ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ صرف صوبے کا نہیں بلکہ پاکستان کا مسئلہ ہے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ہم الزام تراشی کی بجائے اپنے حصے کی بہتری لانا چاہتے ہیں، میری کوشش ہے کہ سندھ کی موٹرویز کو سب سے پہلے شروع کیا جائے۔

اسی طرح کاغان،ناران موٹروے کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال میں این ایچ اے کے ریونیو میں ریکارڈ حد تک اضافہ ہوا ہے جو نہ صرف اس ادارے بلکہ کسی بھی دوسرے محکمے میں نہیں ہوا،ہم این ایچ اے کا سالانہ ریونیو 64 ارب روپے سے 110 ارب روپے تک لا رہے ہیں اور اس اضافی رقم کو شاہراہوں کی بہتری اور نئی موٹرویز کی تعمیر پر خرچ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ موٹروے پر خطر ناک ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے،150 کلومیٹر پرنہ صرف چالان بلکہ ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے،اسی طرح ایم ٹیگ کی سہولت کو لازمی قرار دے کر لمبی لمبی قطاروں سے بچا جا رہا ہے اور جن شاہراہوں پر موٹروے پولیس کی کمی تھی انہیں پورا کریں گے۔ اپنے دورہ کراچی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی سیکرٹری اور چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی ہے اور انہیں اپنے محکمے کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔

اسی طرح کراچی میں عارف حبیب کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی سے انتہائی با مقصد اور مثبت ملاقات ہوئی ہے جس میں کاروباری برادری بھی سندھ کی موٹرویز اور شاہراہوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں لیاری ایکسپریس وے کے لئے بھی مشترکہ ٹیم بن رہی ہے جہاں انٹرچینجز کو مزید بہتر بنائیں گے اور مزید آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات