Live Updates

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات ، دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز ، علاقائی سلامتی کے بدلتے ہوئے منظر نامہ پر بات چیت

منگل 27 مئی 2025 17:10

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف سے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز تہران کا دورہ کیا۔منگل کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کی افواج کے سربراہوں نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے بدلتے ہوئے منظر نامہ پر بات چیت کی جس میں باہمی دلچسپی کے کلیدی شعبوں میں ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو بڑھانا، مشترکہ سرحد پر سکیورٹی میکانزم کو بہتر بنانا اور سرحدی علاقوں کو تجارتی اور اقتصادی رابطوں کے زونز میں تبدیل کرنے کے راستے تلاش کرنا شامل ہیں، جس سے علاقائی استحکام اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر سید آیت اللہ خامنہ ای اور ایران کے صدر ایچ ای مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل دوست ممالک کے سرکاری دورے پر وزیراعظم کے وفد کے ہمراہ ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات