پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 27 برس مکمل، ملک بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

پاکستان نے آج ہی کے دن بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کر کے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا اور دفاع کا حق منوایا، ملک بھر میں عام تعطیل جبکہ وفاقی و صوبائی سطح پر تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد جاری

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 28 مئی 2025 10:05

پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 27 برس مکمل، ملک بھر میں یوم تکبیر ملی جوش ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مئی 2025)پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 27 برس مکمل ہوگئے،ملک بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا جارہاہے،ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ وفاقی و صوبائی سطح پر تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد جاری ہے،پاکستان نے آج ہی کے دن بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا ، پاکستان نے 6 دھماکے کر کے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا اور دفاع کا حق منوایا۔

چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی صدا دنیا نے سنی اور پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے دورِ حکومت میں پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی کے مقام پر کامیاب ایٹمی دھماکے کئے جس کے بعد اس دن کو ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد رکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یوم تکبیر کے حوالے سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔

خصوصی تقریبات منعقد کی جائینگی اور وطن کے رکھوالوں کو سلام پیش کیا جائیگا۔یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں جذبہ حب الوطنی سے سرشار تقاریب کا انعقاد جاری ہے، جہاں نوجوان نسل کو پاکستان کے اس عظیم کارنامے سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔ چاغی کے مقام پر بھی خصوصی تقریب منعقد کی جا رہی ہے، جہاں قومی پرچم کے سائے تلے ایک بار پھر وطن کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے عزم کی تجدید کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کاکہنا ہے کہ 28 مئی 1998 پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔ یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے اپنی سلامتی کے تحفظ کیلئے جرات مندانہ فیصلہ کیا۔28 مئی کو پاکستان ایٹمی قوت بن کر امتِ مسلمہ کا پہلا ایٹمی ملک بن گیا،چیئرمین سینیٹ نے یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر قوم کے عزم، استقلال اور دفاع وطن کے ناقابلِ تسخیر جذبے کا مظہر ہے۔

یومِ تکبیرہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک دفاعی صلاحیت ہے۔یہ دن ہمیں ان عظیم رہنماوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھی، اس تاریخی سفرکا آغاز بانی ایٹمی پروگرام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا۔