اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے دنیا کو ثابت کر دیا کہ جب یہ قوم کوئی عزم کرلیتی ہے تو پھر کوئی دنیا کی طاقت اس کے آگے رکاوٹ نہیں بن سکتی ، بھارت نے مئی میں دو غلطیاں کیں جس کا اسے موثر اور منہ توڑ جواب دیا گیا اور آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ۔
یومِ تکبیر کے موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال نے اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ بھارت نے مئی 1998 میں پاکستان کو ایٹمی دھماکوں کے ذریعے للکارا، مگر قائد نواز شریف نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف قومی وقار کا دفاع کیا بلکہ دشمن کو بھرپور جواب دیا۔
(جاری ہے)
اگر اس وقت نواز شریف یہ فیصلہ نہ کرتے تو آج پاکستان سر اٹھا کر نہ کھڑا ہوتا۔وفاقی وزیر نے مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 7 مئی کو دشمن نے ایک اور بڑی غلطی کی، جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ چھ بھارتی طیاروں کو گرا کر 6-0 کے اسکور سے پوری دنیا کو پاکستانی فضائیہ کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوگیا۔10 مئی کو فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو ایسا جواب دیا گیا کہ جو وہ ہمیشہ کے لئے یاد رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی صرف ایٹمی دھماکوں کا دن نہیں بلکہ خطے کی تاریخ کا رخ موڑنے کا دن ہے۔ اس صلاحیت کو حاصل کرنے کے لیے ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور میں اس پروگرام کی بنیاد رکھی اور ہمیں یہ پروگرام سبق سکھاتا ہے کہ جس پروگرام کو سیاسی تبدیلیوں نے تبدیل نہیں ہونے دیا اور تسلسل جاری رہا وہ پروگرام کامیاب ہوا ، مختلف حکومتوں نے اس پروگرام کی نگہداشت کی اور بالآخر اس کا سہرا نوازشریف کے سر رہا اور جراتمندانہ فیصلہ کیا ۔
بھارت نے دوسری غلطی 7مئی 2025کی صبح پاکستان کے خلاف جارحیت کرکے کر دی لیکن پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور پوری دنیا میں پاکستان کی فضائیہ کی دھاک بٹھا دی اور بھارت پھر باز نہ آیا تو 10مئی کی صبح ہماری مسلح افواج نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھر پور جواب دیا تو بھارت کی چیخیں امریکہ تک پہنچ گئیں اور بھارت نے جب امن کی بھیک مانگی تو پاکستان نے امن کی بھیک میں سیز فائر کی خیرات ڈال کر اس خطے میں امن قائم کر دیا ، بھارت کی قیادت نے دوبارہ ایسی غلطی کی کوشش کی تو 10مئی سے بڑا جواب ملے گا ۔
28مئی 1998کو چاغی کے پہاڑوں میں تکبیر کی گونج نے اس خطے کی تاریخ بدلی اور آج پاکستان اس تکبیر کی گونج کا پہرہ دینے والی قوم ہے جو آج بھی پہرہ دے رہی ہے اور آئندہ بھی پہرہ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میدان جنگ میں ہم نے بھارت کو سبق سکھا دیا ہے لیکن 28مئی کا دن ماضی کی کامیابی کا جشن نہیں بلکہ یوم عزم ہے کہ جسطرح ہم نے ایٹمی صلاحیت حاصل کی اسی طرح پاکستان کو معاشی طاقت بنا کر ناقابل تسخیر کرناہے ۔
ہمارا اگلا چیلنج یہ ہے کہ ہم کس طرح پاکستان کی معیشت کو ایشیا کی بہترین معیشت میں ڈھالتے ہیں ، عظیم الشان مملکت بننے کے لیے جہاں ملک کا دفاع ضروری ہے وہیں معیشت کی مضبوطی بھی ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے عالمی دباؤ کے باوجود جوہری صلاحیت حاصل کی، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے دفاع کے ساتھ معیشت کو مضبوط بنانا لازم ہے۔
قوموں کی بقا ءصرف میدانِ جنگ میں نہیں، بلکہ لیبارٹریوں، جامعات، اور صنعت میں ہوتی ہے۔ ہمیں جدید ٹیکنالوجی، برآمدات، اور پیداوار پر توجہ دینی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شرح خواندگی 90 فیصد تک پہنچانی ہو گی۔ ڈھائی کروڑ بچوں کا اسکول سے باہر ہونا ہماری اجتماعی ناکامی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اعلی تعلیم کی موجودہ شرح 13 فیصد ہے، جو بھارت میں 30 اور چین میں 50 فیصد ہے، ہمیں 40 فیصد تک جانا ہو گا، ڈیجیٹل معیشت مستقبل ہے، بلوچستان سے گلگت بلتستان تک ہر شہری کو ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی دینا ہوگی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے اڑان پاکستان پروگرام کے تحت شروع کیے گئے 54 ارب روپے کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہیپاٹائٹس کے مکمل خاتمے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں ٹیکس کی شرح کم ترین ہے،10.5 فیصد جی ڈی پی کے ساتھ کسی بھی ملک کی ترقی ممکن نہیں، ترقیاتی بجٹ بڑھانے کے لیے یا تو ٹیکس دینا ہو گا یا ٹیکس چوری روکنی ہو گی، ہر پاکستانی کو معاشی سپاہی بننا ہو گا، نوجوانوں کو اسٹارٹ اپس، ایجادات اور ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ برانڈ پر توجہ دینا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ 2047 میں جب پاکستان اپنی آزادی کے 100 سال مکمل کرے گا، تو ہمارا ہدف بھارت سے معاشی برتری حاصل کرنا ہے۔ ہم نے 50 سال معیشت میں برتری رکھی، لیکن سیاسی عدم استحکام نے ہمیں پیچھے دھکیل دیا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے کھوئے مقام کو دوبارہ حاصل کریں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور افواج نے ملک کو سرخرو کیا،اب قوم کی باری ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائے۔ اگر پاکستان کو تاریخ میں سرخرو ہونا ہے تو ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے قائد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی قیادت میں پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر ایٹمی طاقت بنا۔ اب ہمیں اسی جذبے سے معاشی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کرنی ہے۔