Live Updates

پوری قوم اورعلماء مشائخ ملکی دفاع و امن و سلامتی کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے ،مولانا اسعد تھانوی

جمعرات 29 مئی 2025 20:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)جامعہ اشرفیہ سکھر کے مہتمم و صدر نامور مذہبی اسکالر حضرت مولانا محمد اسعد تھانوی نے کہا ہے کہ پوری قوم اور علماء مشائخ ملکی دفاع و امن و سلامتی کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ متحد و بیدار ہیں بھارت ،اسرائیل ، امریکہ اور استعماری قوتیں پاکستان کے ایٹمی اسلامی بم سے خوفزدہ ہیں انشاء اللہ پاکستان کا ایٹم بم فلسطین و کشمیر کی آزادی کا سبب بنے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر جامعہ اشرفیہ سکھر کے شعبہ نشر و اشاعت کے جاری کردہ بیان میں کیا حضرت مولانا محمد اسعد تھانوی نے کہا کہ پاکستان کو ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان آخری دم تک قید و نظر بند اور پابندیوں کی اذیتوں کا شکار رہے۔

(جاری ہے)

محسن ملک و ملت کی نماز جنازہ میں صدر ،وزیراعظم ، آرمی چیف جیسے بڑے قومی مناصب پر فائز اہم شخصیات نے شرکت تک نہیں کی اور افسوس ناک المیہ ہے کہ آج 27سالوں بعد بھی یوم تکبیر پر سرکاری اشتہارات میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام اور تصویر تک لگانا گوارا نہیں کیا گیا۔پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی انتھک محنت ومشقت سے عالم اسلام کا پہلا اور دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک بنا۔

بھارت کی پاکستان کے خلاف بار بار جارحیت کی افواج کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کی اصل وجہ پاکستان کا ایٹمی قوت ہوناتھا جس کا سہرا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جاتا ہے۔ بھارت ،اسرائیل ، امریکہ اور استعماری قوتیں پاکستان کے ایٹمی اسلامی بم سے خوفزدہ ہیں اور ہماری ایٹمی و دفاعی قوت کو ختم کمزور منتشر کرنے کیلئے ملک میں لسانی ،مذہبی ، فرقہ وارانہ فسادات و سازشیں اور دہشتگردی کروا رہے ہیں۔

پاکستان کا ایٹم بم فلسطین و کشمیر کی آزادی کا سبب بنے گا۔ پوری قوم اور علماء مشائخ ملکی دفاع و امن و سلامتی کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ متحد و بیدار ہیں۔جاری بیان میں حضرت مولانا محمد اسعد تھانوی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم ، شہدائے افواج پاکستان ، شہدائے فلسطین و کشمیرسمیت ملک کی سلامتی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات