عوامی مسائل کا فوری حل پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے،بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین

جمعرات 29 مئی 2025 23:10

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ، بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں، میونسپل سروسز، گڈ گورننس کی خاطر مسلسل دورے جاری ہیں،عوامی مسائل کا فوری حل پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے کہا کہ اب تک پنجاب کے 38 اضلاع کا دورہ مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ جلد ہی ضلع راجن پور کا بھی تفصیلی دورہ کیا جائے گا۔ ان دوروں کا مقصد مفادِ عامہ کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانا ہے، جس کے حوالے سے سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو پیش کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان جغرافیائی لحاظ سے نہایت اہم مقام پر واقع ہے، جہاں سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر بلوچستان کے کچھ علاقے واقع ہیں جن میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، تاہم پنجاب کے ادارے اور بلوچ اقوام خطے میں امن کے قیام کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 30 سال بعد بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی میں بھرتی کی منظوری دی، جس کے تحت اب تک 650 کے قریب اہلکار بھرتی کیے جا چکے ہیں اور یہ عمل میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سخی سرور سمیت دیگر بڑے قصبات اور ٹاؤنز میں صفائی، ترقیاتی کاموں اور دیگر بلدیاتی امور کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر قیادت کئی انقلابی فلاحی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن میں "ہمت کارڈ"، "لائیو اسٹاک کارڈ"، "گرین ٹریکٹر اسکیم"، دیہی خواتین کو مویشیوں کیلئے اثاثہ جات کی فراہمی، اسکول بچوں کیلئے دودھ پروگرام، لیپ ٹاپ اسکیم، آسان قرضے، چار مرلہ پلاٹس کی فراہمی اور سولر سسٹمز کی تنصیب شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے "پہلگام ڈرامے" کے بعد پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف موثر انداز میں اجاگر کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عبدالحمید جلبانی، سٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی، میجر نوید اسلم، کوآرڈینیٹر عمر فاروق بھٹی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔