Live Updates

کل جماعتی حریت کانفرنس کی مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے خلاف بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت

جمعہ 30 مئی 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے خلاف بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ سیکریٹری اطلاعات کل جماعتی حریت کانفرنس مشتاق احمد بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیری خواتین کے خلاف جاری منظم جنسی تشدد اور عصمت دری کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے وحشیانہ عمل کی بھرپور مذمت کرتی ہے ،یہ انتہائی قابل مذمت اور انسانیت سوز ہتھکنڈاکشمیری عوام کی تحریک آزادی کو کچلنے اور انہیں محکوم رکھنے کی ایک بزدلانہ کوشش ہے۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ 29 مئی 2009 کو پلوامہ میں دو کشمیری خواتین کو اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر نہایت ہی بے رحمی و بے دردی سے انہیں کھیتوں میں قتل کر دیا گیا۔ اس ہولناک جرم میں ملوث بھارتی فوجیوں کو آج تک کسی قسم کی سزا نہیں دی گئی۔ پلوامہ کا واقعہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی ایک مثال ہے جبکہ کنن پوشپورہ جیسے درجنوں واقعات بھی ریکارڈ پر ہیں جہاں بھارتی افواج نے خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے خلاف سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں، مگر افسوس کہ ان میں سے کسی بھی مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا۔

یہ عدالتی نظام کی ناکامی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ کشمیری خواتین نے تحریک آزادی میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے بلکہ جرات اور استقامت کے ساتھ قربانیاں بھی دی ہیں۔ ان کی ان قربانیوں اور جدوجہد کو دبانے کے لیے بھارتی فوج نے انسانیت سوز مظالم کا سہارا لیا ہے، جس میں عصمت دری اور جنسی تشدد کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

یہ عمل بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق کے چارٹر اور بنیادی اخلاقی اقدار کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔حریت رہنماء نے کہا کہ ہم عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی عدالتوں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیری خواتین کے خلاف ہونے والے ان وحشیانہ مظالم کا فوری نوٹس لیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی فورسز کی درندگی سے کشمیری عوام کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پلوامہ سمیت ایسے تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ان تمام مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، جنہوں نے کشمیری خواتین کی عصمت دری اور جنسی تشدد کا ارتکاب کیا۔ یہ وقت ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا منصبی کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ کشمیری عوام کو بھی دنیا کے دیگر انسانوں کی طرح عزت و وقار اور آزادی کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔جب تک یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات