Live Updates

آپریشن بنیان مرصوص میں شکست کھانے کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم بڑھا دیا ہے،مشعال ملک

ہفتہ 31 مئی 2025 00:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) کشمیری حریت رہنما مشعال ملک نے کہاہے کہ بھارت نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کیااورآپریشن بنیان مرصوص میں شکست کھانے کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم بڑھا دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے بھارت نے جھوٹی خبریں پھیلائیں مگر معرکہ حق نے پوری دنیا کے سامنے بھارتی میڈیا کوبری طرح بے نقاب کر دیا۔

وہ پنجاب یونیورسٹی سکول آ ف کمیونیکیشن سٹڈیزکے شعبہ ابلاغیات اور میڈیا ریسرچ، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی اور دیگر اداروں کے اشتراک سے تیسری بین الاقوامی میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کانفرنس سے انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کے آڈیٹوریم میں خطاب کر رہی تھیں۔ کانفرنس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ہیڈ سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف، چیئرپرسن ڈی سی ایم آر پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم، چئیرمین شعبہ جرنلزم سٹڈیز ڈاکٹر میاں حنان،ڈین یو ایم ٹی ڈاکٹر انجم ضیا، ڈی جی پیمرا اکرام برکت، صدر اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن ڈاکٹر امجد عباس مگسی، ڈاکٹر نظام الدین، عابد شیروانی، سینئر صحافی اکرم حبیب اور بیرون ملک سے ممتاز سکالرز، میڈیا پروفیشنلز، پالیسی ساز، فیکلٹی ممبران اور طلباطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بار پھر پوری دنیا میں اجاگر ہورہا ہے اوربھارتی ڈپلومیسی ناکام ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں چین کاکردار بہت اہم ہے،براہمہ پتر کا پانی چین کنٹرول کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لیے میڈیا کو مزید کوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سارے حریت رہنما جیل میں ہے، ڈرون کیمرا سے ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کو رہا کیا جاناچاہیے اور ہر معاملے میں ان کو شامل رکھنا چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ اگرمسئلہ کشمیر حل ہوگیا تو ہندوستان کا سارا دہشت گردی کا نظام تباہ ہوجائے گا۔ صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ میڈیا اور مصنوعی ذہانت کا ملاپ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی عالمی مطابقت کے تناظر میں میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے موضوع پرمنعقدہ کانفرنس پرآرگنائزنگ کمیٹی کی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے بروقت اور اہم کانفرنس کے انعقاد پر پنجاب یونیورسٹی شعبہ ابلاغیات اور میڈیا ریسرچ کی کاوشوں کوبھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ جو ممالک مصنوعی ذہانت اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی کر رہے ہیں وہ عالمی رہنما بن کر ابھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس اس بات کو یقینی بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے کہ پاکستان اس تبدیلی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائے۔

انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کو بہترین کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ڈاکٹر نوشینہ سلیم، پروفیسر ڈاکٹر میاں حنان سمیت شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ریسرچ کی پوری ٹیم کی قیادت اور لگن کو سراہا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ دو روزہ کانفرنس میں 150 سے زائد مقالہ جات کا پڑھے جانا قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ہر شعبے میں مصنوعی ذہانت کا مضمون متعارف کرانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے بہترین کانفرنس پر ڈاکٹر نوشینہ سلیم سمیت منتظمین کی کاوشوں کوسراہا۔ تقریب سے ڈی جی پیمرا اکرام برکت، ڈاکٹر نظام الدین، عابد شیروانی،ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ڈاکٹر حنان احمد، سینئر صحافی اکرم حبیب، ڈاکٹر ضیا انجم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات