Live Updates

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کسی بھی سیاسی وابستگی یا مذہب سے قطع نظر معاشرے کے پسماندہ طبقات کی خدمت کرتا ہے‘سینیٹر روبینہ خالد

بی آئی ایس پی شہید بینظیر بھٹو کا وژن ہے ،خواتین کی شناخت کو بحال کیا ،پروگرام کے تحت 9.8ملین خاندانوں کو امداد فراہم کی جا رہی ہے امداد کی شفاف ،باوقار تقسیم کیلئے اسٹیٹ بینک کے تعاون سے خواتین کے بائیومیٹرک تصدیق شدہ بینک اکائونٹس کھولنے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں،چیئرمین پرسن بی آئی ایس پی

ہفتہ 31 مئی 2025 17:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء) چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کسی بھی سیاسی وابستگی یا مذہب سے قطع نظر معاشرے کے پسماندہ طبقات کی خدمت کرتا ہے،بی آئی ایس پی شہید بینظیر بھٹو کا وژن ہے جس نے خواتین کی شناخت کو بحال کیا ،پروگرام کے تحت 9.8ملین خاندانوں کو امداد فراہم کی جا رہی ہے ،امداد کی شفاف اور باوقار تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے خواتین کے لیے بائیومیٹرک تصدیق شدہ بینک اکائونٹس کھولنے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہور میں بی آئی ایس پی کے سنٹرل زونل آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا ۔چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی معاشرے کے پسماندہ طبقات کو سیاسی وابستگی یا مذہب کی تفریق سے بالا تر بااختیار بنانے اور ان کی خدمت کے لیے وقف ہے۔

(جاری ہے)

بی آئی ایس پی اس وقت 9.8ملین سے زائد مستحق خاندانوں کو بلاامتیاز مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔

اس پروگرام نے پاکستان کی پسماندہ خواتین کی شناخت اور وقار کو بحال کیا ہے اور ب فارم کی شرط کی بدولت بچوں کی پیدائش کے اندراج کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وژن ہے۔ اس کو عملی جامہ پہنانے کا سہرا صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔ منفرد طور پر، بی آئی ایس پی عورت کو گھر کی سربراہ کے طور پر نامزد کرتا ہے ایک بااختیار اور ترقی پسند قدم جو اس اقدام کو دیگر تمام پروگرامز سے ممتاز کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے لیے ایک ترقی پسند قدم کے طور پر بے نظیر نشوونما اور تعلیم وظائف پروگراموں تک رسائی کے لیے پی ایم ٹی (پراکسی مینز ٹیسٹ)اسکور کی حد کو 32سے بڑھا کر 60کر دیا گیا ہے، جس سے صوبے میں پسماندہ خاندانوں کے لیے صحت اور تعلیم کی امداد کا دائرہ کار نمایاں طور پر وسیع ہوا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بے نظیر ہنرمند پروگرام کے آغاز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین اور ان کے خاندان کے افراد کو پیشہ ورانہ اور مارکیٹ سے ہم آہنگ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

عالمی سطح پر ہنرمند افرادی قوت کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمارا مقصد خاندانوں کو اپنے پاں پر کھڑا کرنا اور انہیں غربت سے باہر نکالنا ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں بہتری آئے۔انہوں نے کہا کہ پیسے کے لین دین میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا عمل دخل نہیں ہے،پیسے کے معاملات بنک دیکھتے ہیں،چھ بنک اس میں شامل ہیں ان کے زریعے پیسے وصول کیے جاتے ہیں۔

ہم اب چاہتے ہیں تھم امپریشن کو لازمی قرار دیا جائے۔تاکہ۔پیسے صرف اسی خاتون کے ہاتھ میں جائے جو رجسٹرڈ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت کے لیے چھ بڑے بینکوں کو آن بورڈ کرتے ہوئے ایک نیا بینکنگ ماڈل اپنا رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے یہ پروگرام مستفید ہونے والی خواتین کے لیے بایومیٹرک تصدیق شدہ بینک اکانٹس کھولنے کا آغاز کر رہا ہے، تاکہ امداد کی شفاف اور باوقار تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اس بات پر زور دیا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات کے تحت بی آئی ایس پی خدمات کی باعزت، شفاف اور موثر فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔غیر مجاز کٹوتیوں یا سروس لیپس سے متعلق شکایات کو دور کرنے کے لیے ایک مضبوط شکایات کے ازالے کا نظام موجود ہے۔پروگرام کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی پہچان کو اجاگر کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کئی افریقی اور مغربی ممالک نے قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (NSER) اور بی آئی ایس پی کے جدید نظاموں سے سیکھنے کے لیے مطالعاتی دورے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی سروے کے لیے کوئی فیس نہیں لیتا اور نہ ہی کوئی سروے فارم موجود ہیں۔ تمام سرکاری پیغامات صرف 8171کے ذریعے بھیجے جاتے ہیں۔ دوسرے نمبروں یا ذرائع سے موصول ہونے والے کسی بھی پیغام پر ہرگز یقین نہ کریں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے اس بات کی تصدیق کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اوپن ڈور پالیسی کے تحت کام کرتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کسی قسم کی کرپشن کی شکایت موصول ہوئی تو سخت اور فوری کارروائی کی جائے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات