شدید گرمی اور طویل دورانئے پر محیط بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر مرکزی کمیٹی ایم پی پی کا شدید تشویش کا اظہار

حسب روایت کے الیکٹرک نے کراچی میں جبکہ حیسکو نے حیدر آباد میں عوام کی زندگی کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے،مرکزی کمیٹی میری پہچان پاکستان

اتوار 1 جون 2025 14:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)میری پہچان پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے شدید گرمی میں طویل دورانئے پر محیط بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرم موسم اور ہیٹ ویو کی شدت کے ساتھ عوام کو اوور لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسب روایت کے الیکٹرک نے کراچی میں جبکہ واپڈا۔

حیسکو نے حیدر آباد اور اندرون سندھ میں عوام کی زندگی کو مشکلات اور اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ کراچی جو معاشی حب ہے اسکو دس دس گھنٹے اور اس سے بھی زیادہ کی لوڈ شیڈنگ جبکہ حیدر آباد، دادو، نواب شاہ، میرپور خاص، ٹنڈوالہ یار، سکھر اور اندرون سندھ کے شہروں اور دیہاتوں میں بجلی کی اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ سے زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، محمود آباد، برنس روڈ، گارڈن، لیاری، بلدیہ ٹان، ناظم آباد، اورنگی ٹان، نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی، اولڈ سٹی ایریاسمیت پورا کراچی کے الیکٹرک انتظامیہ کی بے حسی کا شکار ہے حد تو یہ ہے کہ لوڈ شیڈنگ فری ایریاز میں بھی لوڈ شیدنگ کی جا رہی ہے۔ بزرگ، بچے، مریض حکومت کی جانب سے کاروائی نہ ہونے کے سبب بلبلا اٹھے ہیں۔

کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ مگر کے الیکٹرک، واپڈا، حیسکو کے حکام اور حکومت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی۔ مسلسل کے الیکٹرک کی یقین دہانیاں جھوٹ پر مبنی ہیں۔ عید الاضحی پر بھی شدید مشکلات درپیش آئیں گی۔ مرکزی کمیٹی ایم پی پی نے وفاقی اور سندھ حکومت سے فوری کے الیکٹرک، واپڈا، حیسکو کو اوور لوڈ شیڈنگ سے روکنے اور کے الیکٹرک کی من مانیوں کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بلا تعطل کراچی سمیت سندھ بھر میں لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جائے۔ کراچی کی صنعتوں کو مشکلات میں ڈالنے والی کے الیکٹرک کو رہائشی اور صنعتی علاقوں میں من مانی سے روکا جائے۔ عوام کا اضطراب نقص امن کا سبب بن سکتا ہے۔