آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر پوری قوم اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،وزیرمملکت

دنیا میں مسائل کا صرف ڈائیلاگ ہے۔بھارت طے کرلے کہ وہ پاکستان سے جنگ چاہتا ہے یا مذاکرات،کھیل داس کوہستانی

اتوار 1 جون 2025 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ دنیا میں مسائل کا صرف ڈائیلاگ ہے،بھارت طے کرلے کہ وہ پاکستان سے جنگ چاہتا ہے یا مذاکرات ۔آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر پوری قوم اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔وہ اتوار کو فوارہ چوک پر وزیراعظم یوتھ پروگرام سندھ کے تحت معرکہ حق میں مسلح افواج کی کامیابی کی خوشی میں یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

یوم تشکر کی ریلی مزار قائداعظم سے شروع ہوکر فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی کی قیادت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے صوبائی کوآرڈی نیٹر فہد شفیق نے کی ۔تقریب کے شرکا نے پاکستانی پرچم اٹھارکھے تھے ۔

(جاری ہے)

شرکا نے مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل وآرمی چیف عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو عبرت ناک شکست دی۔

پاکستانی عوام خصوصانوجوانوں نے سوشل میڈیا پر بھارتی پروپیگنڈے کو ناکام بنایا ۔کراچی کے نوجوانوں نے آج اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا ہے۔نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ہمارا دفاع مضبوط ہے۔آج نوجوانوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں۔نوجوان قوم کے معمار ہیں۔اس ملک کا مستقبل ان کے ہاتھ میں یے۔فہد شفیق نے کہا کہ آج کی ریلی اوریوم تشکر کا پروگرام اپنی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے ہے۔

ہم فیلڈ مارشل عاصم منیر ۔ائیر چیف اور امیر البحر سمیت پوری مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم یوتھ پروگرام ملک کے نوجوانوں کی ترقی کا زینہ ہے۔اہلیان کراچی وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں ان کے یوتھ پروگرام کے زریعہ نوجوان ہنر مند بن رہے ہیں۔ تقریب میں مسلم لیگ ن کے راجہ انصاری ۔اسد عثمانی اور دیگر موجود تھے۔