Live Updates

آزادکشمیر پرامن خطہ ،یہاں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ، چوہدری انوارالحق

بیس کیمپ حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر کی قائداعظم یونیورسٹی اسلام کے طلباء کے وفد سے گفتگو

پیر 2 جون 2025 22:53

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق سے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے طلباء کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزرائے حکومت میاں عبدالوحید اور نثار انصر ابدالی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے قائداعظم یونیورسٹی کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر پرامن خطہ ہے، یہاں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ہے۔

لوگوں کو بنیادی جمہوری آزادیاں میسر ہیں، آزادکشمیر میں اتحادی جماعتوں کی کولیشن کی بنیاد پر ایک نمائندہ حکومت قائم ہے، آزادکشمیر میں ترقیاتی بجٹ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو برابر سطح پر تقسیم کیا جاتا ہے،بیس کیمپ کی حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ قابض بھارتی افواج نہتے مظلوم مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنا رہی ہیں جبکہ یہاں آزادکشمیر میں پاکستان کی محافظ افواج آزادکشمیر کے دفاع کے لیے ہمہ تن چوکس ہیں، ہم اپنی مسلح افواج پاکستان کیشہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، ہمارے اسلاف نے پاکستان بننے سے پہلے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کر لی تھی، ہمارا پاکستان سے تاریخی رشتہ ہے، اپنے اسلاف کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے ہمیں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی جدوجہد کے ساتھ ساتھ حربی جدوجہد کو بھی کام میں لانا ہوگا، انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے مکمل آزاد ہوگا اور الحاق پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، انھوں نے کہا کہ بھارتی تسلط کسی طور قبول نہیں، اقوام متحدہ کشمیریوں سے استصواب رائے کا دیرینہ وعدہ پورا کرے اور بھارت کو جنگی جرائم کی پاداش میں انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات