Live Updates

پی ٹی آئی کا اینٹی اسٹبلشمنٹ بیانیہ پاک بھارت جنگ کے بعد دفن ہوگیا، امیر مقام

کوہستان سکینڈل نے پورے پاکستان کو حیران کردیا ،پی ٹی آئی ورکرز نے لیڈروں کا اصلی چہرہ دیکھ لیااب ساتھ نہیں دیں گے، وفاقی وزیر امور کشمیر

منگل 3 جون 2025 04:10

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیرمقام نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی کا اینٹی اسٹبلشمنٹ بیانیہ پاک بھارت جنگ کے بعد دفن ہوگیا ۔ صوبائی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل حاجی دلدار خان کی عیادت کے موقع پر صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرمقام نے کہاکہ کوہستان سکینڈل نے پورے پاکستان کو حیران کردیا ہے کہ کس طرح 40ارب اور 16ارب روپے اکائونٹس سے نکالے گئے، یہ سیکنڈل نگران دور کا نہیں 2019ء اور 2020ء کا ہے اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت تھی اسی طرح جھوٹ بولنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا،نیب خیبرپختونخوا کو کریڈٹ دیتا ہوں کہ انہوں نے اس اسکینڈل کو پکڑلیا اور سامنے لایا۔

امیرمقام نے کہاکہ پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ تحریک چلائے گی یہ تحریکیں ہم نے پہلے بھی دیکھی ہے۔

(جاری ہے)

پہلے بھی یہ کہتے تھے کہ اسلام آباد پر قبضہ کریں گے اور بانی پی ٹی آئی کو رہا کروائیں گے لیکن پی ٹی آئی کے ورکرز سے پوچھ لے انہوں نے اپنے لیڈروں کا اصلی چہرہ دیکھ لیا ہے،پی ٹی آئی کے لیڈر اپنے ورکروں کو لیکر جنوں کی طرح غائب ہوجاتے ہیں اور اپنے ورکرز کو چھوڑ دیتے ہیں اب تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ وہیں ورکرز ان کیساتھ دوبارہ جائیں۔

امیرمقام کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلی دفعہ دیکھا ہے کہ وزیر اعلی اپنے وزرا پر الزامات لگارہے ہیں دوسری طرف خیبرپختونخوا کے وزرا اور اسپیکر خود کہتے ہیں کہ ان کے وزیراعلی نے چوری کی ہے اور ڈاکے ڈالے ہیں،انہوں نے کرپشن کو جائز کردیا ہے پورے خیبرپختونخوا کے ملازمین کو کرپٹ کردیا ہے۔امیرمقام کا کہنا تھا کہ بھارت جو ہماری ازلی دشمن ہے ان کو شکست دینا اور مودی کے غرور کو خاک میں ملانا سب سے بڑی بات ہے،5مئی سے پہلے ایک اور پاکستان تھا اور 11مئی کے بعد دوسرا پاکستان جو پوری دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے، پاکستانی پاسپورٹ اور وقار میں بیپناہ اضافہ ہوا ہے، امیر مقام نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جس طرح لیڈ کیا اور ڈیلیور کیا وہ تاریخ کا حصہ رہے گا،پوری قوم نے پاک فوج کا ساتھ دیا اور ان کے پیچھے کھڑے ہوئے جس سے ایک بہت اچھا میسج گیا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات