Live Updates

بھارتی جارحیت نے خطے کو غیرمحفوظ بنا دیا ، امن کا راستہ صرف مکالمے اور سفارتکاری سے ممکن ہے،بلاول بھٹو زرداری

منگل 3 جون 2025 14:00

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سفارتی پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نےجامع مذاکرات، سندھ طاس معاہدے کی بحالی اور مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن کا راستہ صرف مکالمے اور سفارتکاری سے ممکن ہے۔منگل کو پی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے سفارتی پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی اقوام متحدہ میں او آئی سی رکن ممالک کو جنوبی ایشیا میں بھارت کی جارحیت اور بے بنیاد الزامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔

پاکستانی سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کو بغیر کسی تحقیق کے پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کو مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

پارلیمانی وفد نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو پانی کو ہتھیار بنانے کی کوشش اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔بعد ازاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں او آئی سی ممالک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت نے خطے کو غیرمحفوظ بنا دیا ہے، دنیا کو اس خطرناک رجحان کو معمول بننے سے روکنا ہوگا،بھارت نے جھوٹے الزامات کو سرحد پار حملوں کا جواز بنایا۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے خطے میں کشیدگی کم کرنے، ثالثی اور جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنے پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ او آئی سی اس نازک وقت میں دنیا کا اخلاقی ضمیر بن کر سامنے آئی ہے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے حمایت جاری رکھی جائے۔ او آئی سی ممالک نے پاکستان کی طرف سے دی جانے والی شفاف بریفنگ کو سراہتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور معاہدوں کے احترام پر زوردیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات