پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

بدھ 4 جون 2025 01:00

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خط پیش کیا، بلاول بھٹو زرداری نے 22 اپریل 2025 کے پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔

منگل کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پر بھارت کی جانب سے بغیر کسی قابلِ اعتبار تحقیقات کے لگائے گئے بے بنیاد اور قبل از وقت الزامات کو سختی سے مسترد کردیا،انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ فوجی اقدامات پورے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں، اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اصولوں، بشمول حقِ دفاع اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے حوالے سے پاکستان پرعزم ہے،بھارت کا رویہ ایٹمی خطے میں ایک بڑے تنازعے کو جنم دے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے لیے فعال کردار ادا کریں۔پاکستان پر آبی جنگ مسلط کی جا رہی ہے،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کی امن پسندی کی خواہش کا خیرمقدم کرتا ہوں، اقوام متحدہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکمل طور پر سرگرم ہے، اقوام متحدہ کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے تمام کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔