Live Updates

سفارتی وفد کی بلاول بھٹو کی قیادت میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات، بھارت کے خلاف پاکستان کا مقدمہ پیش

بلاول بھٹو نے پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال میں پاکستان کے موقف سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا بھارت کے بغیر تحقیقات یا شواہد کے لگائے گئے بے بنیاد اور قبل از وقت الزامات کو سختی سے مسترد کردیا، پاکستانی وفد نیویارک کا دورہ مکمل کر کے واشنگٹن پہنچ گیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 4 جون 2025 13:36

سفارتی وفد کی بلاول بھٹو کی قیادت میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 جون 2025)پاکستانی سفارتی وفد کی بلاول بھٹو کی قیادت میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات، بھارت کے خلاف پاکستان کا مقدمہ پیش کر دیا، بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو وزیراعظم پاکستان کا خط پیش کیا اور انتونیو گوتریس کی جانب سے تحمل، مکالمے اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دینے والے بیانات اور کوششوں کو سراہا۔

بلاول بھٹو زرداری نے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے، مکالمے کے فروغ، اور سندھ طاس معاہدے کی بحالی کیلئے فعال کردار ادا کریں۔ملاقات کے دوران بلاول بھٹو نے 22 اپریل 2025 کے پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال میں پاکستان کے موقف سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان پر بھارت کی جانب سے بغیر کسی قابل اعتبار تحقیقات یا شواہد کے لگائے گئے بے بنیاد اور قبل از وقت الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔

بلاول بھٹو نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے انسانی اثرات، بھارت کی بلاجواز جارحیت، اور اقوام متحدہ کے چارٹر و بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان پر آبی جنگ مسلط کی جا رہی ہے۔گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت "نیا معمول" قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ یکطرفہ اقدامات، طاقت کے استعمال اور استثنیٰ پر مبنی ہے اور جو ایٹمی خطے میں ایک بڑے تنازعے کو جنم دے سکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ بھارت کے یکطرفہ فوجی اقدامات جن میں عام شہریوں پر حملے، ہلاکتیں، شہری انفراسٹرکچر کو نقصان اور سندھ طاس معاہدے کو من مانی طور پر معطل کرنا شامل ہیں یہ نہایت خطرناک ہیں اور پورے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔اس موقع پر انتونیو گوتریس نے یقین دہانی کرائی کہ اقوام متحدہ کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کیلئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، تمام کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

سیکرٹری جنرل گوتریس نے پاکستان کی امن پسندی کی خواہش کا خیرمقدم کیا اور خطے میں امن، تحمل اور سفارتکاری کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کی مضبوط دلچسپی کا اعادہ کیا۔دوسری جانب بھارتی جارحیت دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا مشن لئے پاکستانی وفد نیویارک کا دورہ مکمل کر کے واشنگٹن پہنچ گیا۔وفد کا واشنگٹن کے ریلوے سٹیشن پر پاکستان کے سینئر سفارتی عملے نے استقبال کیا۔ 9 رکنی وفد 6 جون تک واشنگٹن میں قیام کرے گا، وفد امریکی حکام اور تھنک ٹینک کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش کرے گا۔بلاول بھٹو زرداری دورہ واشنگٹن میں میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گے، وہ بھارت کی آبی جارحیت اور اشتعال انگیزی سے امریکی حکام کو آگاہ کریں گے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات