Live Updates

بھارت کا جھوٹا بیانیہ دنیا کے سامنے بے نقاب، پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے عطاء اللہ تارڑ

بدھ 4 جون 2025 20:00

بھارت کا جھوٹا بیانیہ دنیا کے سامنے بے نقاب، پاکستان کا مؤقف عالمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کو ہر بین الاقوامی فورم پر منہ کی کھانی پڑی ہے، اسی لیے وہ جھوٹے پروپیگنڈے اور فیک نیوز کا سہارا لے رہا ہے۔پاکستان میں دہشتگردی میں بھی ہمسایہ ملک ملوث ہے ۔ بھارتی جارحیت کا ذمہ داری سے جواب دیا اور ہر محاذ پر دشمن کے بیانیے کو حقائق کے ساتھ شکست دی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں پاکستان کی سفارتی ٹیم نے عالمی برادری تک سچائی پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے میڈیا، صحافیوں اور اینکرز کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے بیانیے کی جنگ میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کا میڈیا ریاستی ایجنڈے کے تحت جعلی ویڈیوز، سنسنی خیزی اور فیک نیوز پھیلا رہا ہے، لیکن دنیا ان حربوں سے گمراہ نہیں ہوئی۔

وزیر اطلاعات نے اس موقع پر بھارتی دہشتگردی کے ویڈیو شواہد بھی میڈیا کے سامنے پیش کیے جن میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت، نریندر مودی کی مکتی باہنی کی حمایت، اور بھارتی وزراء کی پاکستان مخالف تقاریر شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی پالیسی دہشتگردی پر مبنی ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ کینیڈا، امریکا اور آسٹریلیا جیسے ممالک میں بھی ظاہر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے نیٹ ورکس پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دے رہے ہیں، لیکن افواجِ پاکستان اور قومی ادارے ان کا بھرپور مقابلہ کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ مرصوص اور معرکہ حق‘ کو عسکری اور سفارتی تاریخ کی کامیاب مثالوں کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کسی بھی سطح پر دشمن کے جھوٹ کا مؤثر جواب دیتا رہے گا اور دنیا کو حقائق سے آگاہ کرتا رہے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات