Live Updates

خطے میں بالادستی کے بھارتی دعوے ہوا میں اڑ گئے، ہماری سفارتی کامیابی پر دہلی میں ماتم ہورہا ہے، اسحق ڈار

بدھ 4 جون 2025 20:44

خطے میں بالادستی کے بھارتی دعوے ہوا میں اڑ گئے، ہماری سفارتی کامیابی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں بالادستی کے بھارتی دعوے ہوا میں اڑ گئے، دنیا نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی تعریف کی، بھارت میں پاکستان کی سفارتی کامیابی پر ماتم ہورہا ہے اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کی جارہی ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے کہا کہ میرا چین کا دو طرفہ دورہ شیڈول تھا، چین کے مطالبے پر دورہ سہ ملکی کیا گیا اور افغانستان کو اس دورے میں شامل کیا گیا، چین نے کہا کہ افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کو بھی اس دورے کا حصہ بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس فورم پر کہا کہ ہم نے بھارت کو آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی ہے، چین نے ہماری تحقیقات کی پیشکش کو سراہا، ہم نے اس فورم پر بھی یہ معاملہ اٹھایا کہ بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے۔

(جاری ہے)

اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا جواب دیا، بھارتی الزامات اور جارحیت کے معاملے پر چین نے پاکستان کی بھرپورحمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وفد پاکستانی موقف اجاگر کرنے کے لیے بیرون ملک دورے پر ہے، پاکستانی وفد نیویارک کا دورہ مکمل کرکے واشنگٹن پہنچ چکا ہے، سفارتی محاذ پر پاکستان نے روس کو نظر انداز نہیں کیا، طارق فاطمی کی قیادت میں وفد روس گیا ہے جبکہ بلاول بھٹو کی زیر قیادت وفد 4 سابق وزرائے خارجہ اور 2 سابق خارجہ سیکریٹریز پر مشتمل ہے جو اقوام متحدہ میں ملاقاتیں مکمل کرچکا ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے مؤثر انداز میں حقائق دنیا کے سامنے رکھے ہیں، خطے میں بالادستی کے بھارتی دعوے ہوا میں اڑ گئے، بھارت کا نیو نارمل (نیا معمول) دفن ہوگیا، دنیا نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی تعریف کی، بھارت میں پاکستان کی سفارتی کامیابی پر ماتم ہورہا ہے اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کی جارہی ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت کا 15 مقامات پر حملے اور ایف 16 کی تباہی کا دعویٰ جھوٹ تھا، اگلے روز امریکا نے تصدیق کی کہ پاکستان کا کوئی ایف 16 اڑا اور نہ تباہ ہوا، پاکستان کا پہلگام واقعے پر موقف پوری دنیا کے سامنے ہے، پاکستان کے کائنیٹک ایکشن کی تعریف ہو رہی ہے، بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران 60 ممالک کو انگیج کیا گیا۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو ہر محاذ پر سراہا گیا ہے، پاکستان کی سفارتی کامیابی پر بھارت میں سفارتی محاذ پر ماتم ہو رہا ہے اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران سیاسی اختلاف کے باوجود قومی مفاد پر سب متحد تھے، پارلیمنٹ سے تمام جماعتوں نے بھارتی جارحیت پر ایک متن پر مبنی متفقہ قرارداد منظور کی۔

اسحٰق ڈار نے کہاکہ پوری مسلم امہ میں پاکستان کی جیت کی خوشی منائی گئی، آذربائیجان اور ترکیہ میں عوام پاکستان کی جیت پر سڑکوں پر نکل آئے، ترکیہ اور آذربائیجان نے کشیدگی کے دوران بے مثال پاکستان کی حمایت کی، 6 مئی کو بھارتی حملے کے فوراً پہلی کال ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کی، وزیر اعظم نے ترکیہ اور آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہاکہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران تمام ممالک نے پاکستان اور بھارت دونوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا کہا، کشیدگی کے دوران ہمارا جواب یہی تھا کہ بھارت پہل کرے گا تو پاکستان جواب دے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات