Live Updates

حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 30 کروڑ ڈالر قرض پروگرام پر دستخط ہوگئے

اے ڈی بی قرض پروگرام کا مقصد اصلاحات لاکر وسائل کو بہتر طریقے سے متحرک کرنا ہے، اے ڈی بی کا 80 کروڑ ڈالر کا پروگرام ہے جبکہ 50 کروڑ ڈالر کی پالیسی پر مبنی ضمانت دی گئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 4 جون 2025 19:35

حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 30 کروڑ ڈالر قرض پروگرام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء) حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 30 کروڑ ڈالر قرض پروگرام پر دستخط ہوگئے ہیں، اے ڈی بی قرض پروگرام کا مقصد اصلاحات لاکر وسائل کو بہتر طریقے سے متحرک کرنا ہے۔ میڈیا کے مطابق وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس قرض پروگرام کا بنیادی مقصد اصلاحات کے ذریعے وسائل کو بہتر طریقے سے متحرک کرنا اور بروئے کار لانا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 500 ملین ڈالر کی پالیسی بیسڈ گارنٹی دی گئی ہے، مجموعی طور پر یہ 800 ملین ڈالر کا پروگرام ہے۔ پروگرام پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے معاہدے پر دستخط کئے، اس کے علاوہ وزارت اقتصادی امور اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے پر دستخط ملکی وسائل کو بڑھانے کے ذریعے معاشی اور مالیاتی استحکام کو ترجیح دینے کے پاکستان کے عزم کی عکاسی ہے ۔ اس پروگرام کے تحت اقتصادی ڈھانچے میں اصلاحات لائی جائیں گی جن کا مقصد محصولات میں اضافے سمیت دیگر اقتصادی مسائل کو حل کرنا ہے۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ، انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 21 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گیا ، اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے باعث آج کاروباری ہفتے کے دوران زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 21 ہزار 104 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ یہ ملکی تاریخ میں سٹاک مارکیٹ کی سب سے بلند سطح تصور کی جا رہی ہے جو نہ صرف سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے بلکہ مالیاتی استحکام کے اشارے بھی دے رہی ہے۔اس سے قبل پاکستان سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس کا سابقہ ریکارڈ 1 لاکھ 20 ہزار 796 پوائنٹس تھا۔ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ کاروبار کے اختتام پر 1573 پوائنٹس بڑھکر 120451 پوائنٹس پربند ہوئی تھی۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے بجٹ معاملات پر اتفاق ہونے کی خبر سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات