Live Updates

پاکستان اور امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہیں، شہباز شریف

انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں، بھارت نے پہلگام واقعے پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کی مخلصانہ پیشکش رد کر کے حملہ کیا، خواتین، بچوں کو نشانہ بنایا، دفاع میں منہ توڑ جواب دیا گیا، وزیراعظم امریکی صدر جنگ بندی کرا کے ثابت کردیا وہ امن کے پیامبر ہیں، امن کے فروغ، اقتصادی روابط میں اضافے کیلئے ٹرمپ کی کوششیں قابل ستائش ہیں، امریکی یوم آزاد ی کی تقریب سے خطاب

بدھ 4 جون 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات نئے دور میں داخل ہورہے ہیں ،دونوں ممالک تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں،انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں، بھارت نے پہلگام واقعے پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کی مخلصانہ پیشکش رد کر کے حملہ کیا، خواتین، بچوں کو نشانہ بنایا، دفاع میں منہ توڑ جواب دیا گیا،امریکی صدر جنگ بندی کرا کے ثابت کردیا وہ امن کے پیامبر ہیں، امن کے فروغ، اقتصادی روابط میں اضافے کیلئے ٹرمپ کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کے 249ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ملک جمہوری روایات اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں جب کہ امریکا، پاکستان کو تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل تھا جب کہ امریکا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کو 1947ء میں تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی ایک تاریخ ہے، دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوررہے ہیں جبکہ دونوں ممالک تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ نائن الیون کے بعد دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ شروع ہوئی، 2018 میں پاکستان نے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی ومالی نقصان اٹھایا، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے پر بھارت کو غیرجانبدارانہ عالمی انکوائری کی پیشکش کی، ہماری مخلصانہ پیشکش کے جواب میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کردیا، بھارتی جارحیت میں خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 9اور 10مئی کو بھارت نے پھر جارحیت کی، پاکستان نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی جس میں بھارت کے 6جہاز مار گرائے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں رہا کہ پہلگام واقعہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن تھا، پاکستان نے کشیدہ صورتحال میں بھی بہت تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن واستحکام اور خوشحالی کا خواہشمند رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دوستوں نے کشیدگی میں کمی کے لیے رابطہ کیا جب کہ پاک-بھارت کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے دوست ممالک کا کردار خوش آئند ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر عمل ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر سرد اور گرم جنگ کے خلاف ہیں، جنگ بندی میں ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہیں، ٹرمپ نے بغیر کسی شبے کے ثابت کردیا وہ امن کے پیامبر ہیں، امن کے فروغ، اقتصادی روابط میں اضافے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے مختلف امریکی منصوبے قریبی تعلقات کے عکاس ہیں، ہماری توجہ معیشت کو مضبوط کرنے پر ہے جب کہ امریکا کے ساتھ ٹیرف کے مسئلے سمیت تجارت میں اضافے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات