Live Updates

سیکیورٹی کونسل میں غزہ کے حوالے سے قرارداد کو امریکہ کے ویٹو کرنے پر پاکستان کا سخت رد عمل قابلِ تحسین ہے،تنظیم اسلامی

جمعہ 6 جون 2025 19:45

ڑ*حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2025ء) سیکیورٹی کونسل میں غزہ کے حوالے سے قرارداد کو امریکہ کے ویٹو کرنے پر پاکستان کا سخت رد عمل قابلِ تحسین ہے۔ عالمی حالات کسی بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں، لہذا پاکستان کو نظریاتی اور عسکری طور پر تیار رہنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی غزہ میں جنگ بندی اور بھوک سے بلکتے اور شہید ہوتے بچوں، عورتوں اور بوڑھوں تک امداد پہنچنے دینے سے متعلق سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد کو امریکہ نے ایک مرتبہ پھر ویٹو کر دیا ہے۔ سلامتی کونسل میں پاکستان کے مندوب نے اسرائیل کا بچوں تک امداد نہ پہنچنے دینے کو عالمی ضمیر پر ایک اخلاقی دھبہ قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فلسطینیوں کی نسل کشی پر تلا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس کو انسانیت کے خلاف جرائم سے نہ روکنا انتہائی شرمناک ہے۔ امیر تنظیم نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانا کرتے اور جب تک ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات نہیں کیے جاتے وہ اپنی شیطنت سے باز نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں جو یوکرین نے روس پر ڈرونز کے ذریعے انتہائی خوفناک حملہ کیا ہے جس میں روس کے 41 لڑاکا طیارے اوربڑے پیمانے پر دیگر جنگی ساز و سامان، جس کی لاگت 7 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے، کو تباہ کر دیا ہیدرحقیقت عالمی گریٹ گیم کا ہی حصہ ہے۔

اس کا ایک مقصد روس کو دفاعی لحاظ سے کمزور کرنا تھا۔ پھر یہ کہ چین، پاکستان، افغانستان اور ایران کو بھی دھمکی دی گئی ہے کہ اگر وہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت پر مشتمل ابلیسی اتحادِ ثلاثہ کے خلاف صف بندی کرنے کی کوشش کرتے رہے تو ان کا بھی ایسا ہی انجام ہو گا۔ امیر تنظیم نے کہا کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستان، چین اور اماراتِ اسلامیہ افغانستان کے مابین سہ فریقی مذاکرات کی کامیابی انتہائی خوش آئند ہے۔

چین کو ادراک ہو چکا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ عالمی جنگ کے شعلے بھڑکانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہ فریقی مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کا افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کا عندیہ دینا اور اسلام آباد کا کابل کے ساتھ سفارتی تعلقات کا درجہ بڑھانا خطے کی سلامتی کے لیے ناگزیر تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران طبقہ اور مقتدر حلقوں کو جان لینا چاہیے کہ احادیث مبارکہ میں اس خطے یعنی خراسان کے حوالے سے کئی خوش خبریاں موجود ہیں۔

یہیں سے امام مہدی کی نصرت کے لیے فوجیں جائیں گی اور یہی وہ خطہ ہے جہاں سیاہ جھنڈے خراسان سے نکلیں گے اور انہیں کوئی نہیں روک پائے گا یہاں تک کہ وہ ایلیا (یروشلم) میں گاڑ دیے جائیں گے۔ ہمیں معاشی ترقی، عسکری تیاری اور سیاسی بالیدگی کا بھی مظاہرہ کرنا ہے اور ہر بڑے چھوٹے کو ملک کے آئین اور قانون پر عملداری کو بھی یقینی بنانا ہے۔ لیکن سب سے بڑھ کر یہ کہ جس نظریہ کی بنیاد پر پاکستان قائم کیا گیا تھا اس کو عملی تعبیر دینا ہے۔ پاکستان میں صحیح معنوں میں اسلام کا نظامِ عدلِ اجتماعی نافذ ہوگا تو ہی مستقبل کے منظر نامے کے حوالے سے مملکتِ خداداد پاکستان کی تیاری مکمل ہو سکے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات