Live Updates

بلاول بھٹو نے بین الاقوامی سطح پر اعتماد اور دلیل کے ساتھ قومی بیانیہ پیش کیا ہے،شرجیل انعام میمن

اتوار 8 جون 2025 23:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) بین الاقوامی دورے کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جرات مندانہ سفارت کاری اور پاکستان کا دوٹوک موقف پیش کرنے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھارت میں صرف ایک ہی نام گونج رہا ہے اور وہ ہے بلاول بھٹو زرداری۔سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے کشمیر سے لے کر فلسطین تک ہر اہم مسئلے پر پاکستان کا موقف نہایت دلیری، فہم و فراست اور سیاسی تدبر سے دنیا کے سامنے رکھا، جس کی مثال نہیں ملتی، بلاول بھٹو زرداری نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے امید کی کرن بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے عالمی برادری کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو بین الاقوامی سطح پر اعتماد اور دلیل کے ساتھ قومی بیانیہ پیش کرے اور بلاول بھٹو نے یہ ثابت کر دکھایا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کی آواز کو مو ¿ثر انداز میں بلند کیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف مو ثر سفارتی دفاع کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کو یاد دلایا کہ کشمیر صرف سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کے حقِ خود ارادیت اور انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی قیادت، بین الاقوامی بصیرت اور جمہوری سوچ سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہی ذوالفقار علی بھٹو شہید و محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی میراث کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت، ویژن اور فہم و فراست دراصل بھٹو ازم کا تسلسل ہے، پیپلز پارٹی کے کارکنان سمیت ملک بھر کے عوام کو ان پر فخر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات